پاکستان کے محکمہ موسمیات نے عید الاضحیٰ کی چھٹیوں میں سات سے 12 جون کے دوران شدید گرمی کی لہر کی پیشن گوئی کی ہے۔ اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔محکمہ موسمیات نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ’سات جون سے ہوا کا زیادہ دباؤ ملک پر اثر انداز ہو گا جس کے آٹھ جون سے ملک کے بیشتر علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لینے کے امکانات ہیں۔‘’اس باعث ملک کے بالائی علاقوں (وسطی/بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان) میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 05 سے 07 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی توقع ہے۔ جبکہ ملک کے جنوبی علاقوں (بالائی/وسطی سندھ ،جنوبی پنجاب اور بلوچستان کےعلاقوں) میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 04 سے 06 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔‘
بیان کے مطابق شدید گرمی کے باعث ملک کے میدانی علاقوں میں تیز/گردآلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان دنیا کے ان 10 ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ اور اسے حالیہ برسوں میں گرمی کی شدید لہر اور تباہ کن سیلاب کا سامنا کرنا پڑا ہے۔احتیاطی تدابیرمحمکہ موسمیات نے گرمی کی لہر کی وجہ سے عوام الناس بالخصوص بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے دھوپ میں کم سے کم نکلنے اور پانی کے زیادہ استعمال کا کہا ہے۔شمالی علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافہ برف پگھلنے کی شرح کو بڑھا سکتا ہے۔ جبکہ کاشت کاروں کو کہا ہے کہ فصلوں کے معاملات موسمی حالات کے مطابق ترتیب دیں۔بیان کے مطابق تمام متعلقہ اداروں کو ’الرٹ‘ رہنے اور شدید گرمی کی لہر کی وجہ سے کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔