قومی اسمبلی کا اجلاس شروع، وزیر خزانہ بجٹ 26-2025 پیش کر رہے ہیں

سچ ٹی وی  |  Jun 10, 2025

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی زیر صدارت بجٹ اجلاس شروع ہو گیا، جس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بجٹ 26-2025 پیش کر رہے ہیں، جبکہ اجلاس میں اپوزیشن اراکین کی جانب سے شور شرابہ کیا جارہا ہے۔

قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس 5 بجے طلب کیا گیا تھا، تاہم وہ تقریباً آدھے گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا، وزیراعظم شہباز شریف بھی ایوان پہنچ چکے ہیں۔

بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اس معزز ایوان کے سامنے مالی سال 26-2025 کا بجٹ پیش کرنا میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے، اس مخلوط حکومت کا یہ دوسرا بجٹ ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر ایوان میں پہنچ گئے، پی ٹی آئی اراکین نے ہاتھوں میں احتجاجی پلے کارڈز اٹھا رکھے ہیں، جن پر عمران خان کی رہائی کے نعرے درج ہیں۔

متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو ہوئے کہا کہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کے تنخواہوں میں 20 فیصد اضافہ ہونا چاہیے، بجٹ عوام دوست ہونا چاہیے۔

اس موقع پر رانا ثنا اللہ سے صحافی نے سوال پوچھا کہ آپ تو عوامی لیڈر ہیں عوام آپ سے کیا توقع رکھے؟ جس پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ کچھ باتیں وزیر خزانہ کے لیے رہنے دیں، انشاء اللہ بہتر ہوگا، بجٹ تقریر سے پہلے کچھ نہیں بتا سکتا۔

قبل ازیں، وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری دے دی تھی، جبکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کی منظوری دی گئی۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ وفاقی بجٹ میں نان فائلرز کے لیے مزید سخت اقدامات کیے جانے کا امکان ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی کیش خریداری کی حوصلہ شکنی کے لیے اقدامات کیے جاسکتے ہیں، جبکہ ہر قسم کی کیش خریداری پر بھی اضافی ٹیکس کی تجویز ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More