پاکستان میں محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ’موجودہ شدید گرمی کی لہر جمعرات کو بھی برقرار رہنے کا امکان ہے۔‘بدھ کو محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس دوران درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہے گا۔‘
’ملک کے بالائی علاقوں (وسطی و بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان) میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 05 سے 07 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی توقع ہے۔‘محکمہ موسمیات کے مطابق ’ملک کے جنوبی علاقوں (بالائی و وسطی سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان) میں درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔‘شدید گرمی میں عوام الناس کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ صُبح 11 بجے سے شام 4 بجے کے دوران سورج کی براہِ راست روشنی میں جانے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ’بدھ کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا، تاہم بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں مطلع جُزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک اور ہلکی بارش ہوئی۔‘’جمعرات کو بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہنے اور بعد از دوپہر میدانی علاقوں میں تیز گرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔‘شام یا رات کو بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جُزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا‘ (فائل فوٹو: روئٹرز)
محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہا۔‘بدھ کو ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارتبدھ کو بھکر اور جیکب آباد میں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ سبی، نورپورتھل، سرگودھا،گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔اٹک، شیخوپورہ، منڈی بہاؤالدین، جہلم، جوہرآباد، بہاول نگر، قصور، منگلہ، سیالکوٹ، لیہ، بنوں اور ڈی آئی خان میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ رہا۔اسی طرح اسلام آباد اور گردونواح میں بدھ کو موسم گرم اور خشک جبکہ دن کے اوقات میں شدید گرم رہا۔ بعد از دوپہر بعض جگہوں پر تیز ہوائیں چلنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔جمعرات کو اسلام آباد اور گردونواح میں موسم گرم اور خشک جبکہ دن کے اوقات میں شدید گرم رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بعد از دوپہر تیز ہوائیں اور آندھی چلنے کی توقع ہے۔