پاکستان ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم بگ بیش لیگ کے سیزن 15 میں ڈیبیو کریں گے، بابراعظم کا آسٹریلوی بگ بیش لیگ کی فرنچائز ’سڈنی سکسرز‘ کے ساتھ مکمل سیزن کا معاہدہ ہوا ہے جس کی تصدیق فرنچائز نے کردی ہے۔
سڈنی سکسرز کے مطابق بابراعظم بگ بیش لیگ 15 میں ان کی فرنچائز کی نمائندگی کریں گے، پاکستان ٹیم کے سابق کپتان کے ساتھ یہ معاہدہ بی بی ایل کی تاریخ کے چند سب سے بڑے معاہدوں میں سے ایک ہے، فرنچائز نے بتایا کہ لیگ کے قوانین کے تحت کوئی بھی ٹیم ڈرافٹ سے قبل کسی بھی ایک انٹرنیشنل پلیئر کے ساتھ براہ راست معاہدہ کرسکتی ہے۔
سڈنی سکسرز کا حصہ بننے پر بابر اعظم نے کہا کہ اس ٹیم کا حصہ بننے پر فخرمحسوس کر رہا ہوں، ورلڈ کلاس بیٹر اسٹیون اسمتھ اور جوش ہیزل وڈ کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنےکے لیے پُرجوش ہوں، آسٹریلیا میں بہت کرکٹ کھیلی ہے مگر بی بی ایل میں ڈیبیو کا شدت سے منتظر ہوں۔
سڈنی سکسرز کے جنرل مینجر ریچل ہائینز نے بابر اعظم کو سکسرز فیملی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ہے کہ باصلاحیت اورانتہائی تجربہ کار کھلاڑی بابراعظم ہماری ٹیم کے لیے نہایت قیمتی اثاثہ ہیں، وہ ایک ورلڈ کلاس کھلاڑی اور ثابت شدہ لیڈر ہیں، پُر امید ہیں کہ فینز بابراعظم کو سکسرز کی جرسی میں دیکھ کر بے حد خوش ہوں گے۔
خیال رہے کہ بگ بیش لیگ کے سیزن 15 کے ڈرافٹ کے لیے پاکستان ون ڈے ٹیم کے کپتان محمد رضوان، سابق کپتان شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان، حارث رؤف، محمد حسنین اور اسامہ نے رجسٹرڈ کروا لیا ہے جبکہ پاکستان ویمن کرکٹ کی کپتان فاطمہ ثنا بھی بگ بیش لیگ سیزن 15 کھیلنے کی خواہشمند ہے۔
بی بی ایل سیزن 15 کا ڈرافٹ 19 جون کو شیڈول ہے، جبکہ سیزن کا آغاز دسمبر 2025 کے وسط میں ہوگا اور اختتام جنوری 2026 کے آخری ہفتے میں ہوگا۔