بگ بیش لیگ اوورسیز ڈرافٹس، کون سے پاکستانی کھلاڑی نمایاں رہے؟

اردو نیوز  |  Jun 20, 2025

پاکستان کے نامور کرکٹرز شاہین شاہ آفریدی، محمد رضوان اور حارث رؤف  آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ کے اوورسیز ڈرافٹس میں سب سے زیادہ مقبول کھلاڑی ثابت ہوئے ہیں۔

ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق جمعرات کو شاہین آفریدی بی بی ایل ڈرافٹ میں سب سے پہلا انتخاب تھے جبکہ مجموعی طور پر سات پاکستانی کھلاڑی منتخب کیے گئے ہیں۔

فاسٹ بولر شاہین آفریدی پہلی بار بگ بیش لیگ ڈرافٹ میں مکمل سیزن کے لیے دستیاب ہوں گے جس میں وہ برسبین ہیٹ کے لیے کھیلیں گے۔

حارث رؤف کو ایڈیلیڈ سٹرائیکرز نے دوسرے نمبر پر حاصل کرنے کی کوشش کی مگر انہیں میلبورن سٹارز نے دوبارہ اپنی ٹیم کا حصہ بنا لیا ہے۔

محمد رضوان کو میلبورن رینیگیڈز نے چوتھے انتخاب کے طور پر ٹیم میں شامل کیا جبکہ ان کے پاس پہلے سے متحرک وکٹ کیپر بیٹر ٹِم سیفرٹ موجود ہیں۔

حارث رؤف کو حاصل نہ کر پانے کے بعد ایڈیلیڈ سٹرائیکرز نے انگلینڈ کے لیفٹ آرم فاسٹ بولر لوک وُڈ کو پلاٹینم پِک کے طور پر تیسرے انتخاب میں حاصل کیا۔ اس فیصلے کے نتیجے میں انگلینڈ کے سٹار سیم کرن باقی رہ گئے جنہیں سڈنی سکسزرز نے ساتویں انتخاب پر حاصل کیا۔ سڈنی تھنڈر نے لوکی فرگوسن کو آٹھویں انتخاب پر برقرار رکھا۔

پرتھ سکورچرز اور ہوبرٹ ہوریکینز نے اپنے پلاٹینم کھلاڑیوں کے طور پر فِن ایلن اور کرس جارڈن کی پہلے سے دستخط شدہ شمولیت کی تصدیق کی۔

رینیگیڈز نے امریکی آل راؤنڈر حسن خان کو اپنے دوسرے انتخاب (نمبر 11) پر چُنا۔ حسن نے پچھلے سیزن میں رینیگیڈز کے لیے ایک میچ کھیلا تھا اور رواں برس وہ ایم ایل سی سیزن میں سان فرانسسکو یونی کارنز کی طرف سے اچھی کارکردگی دکھا چکے ہیں۔

شاداب خان کو سڈنی تھنڈر نے بارہویں انتخاب میں اپنی ٹیم میں شامل کیا، جس کے لیے انہوں نے دوسرے راؤنڈ میں اپ ٹریڈ کیا۔ شاداب اس سے پہلے تین مختلف بی بی ایل ٹیموں (ہیٹ، سکسزرز اور ہوریکینز) کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

ہوبارٹ ہوریکینز نے بنگلہ دیش کے واحد منتخب کھلاڑی رشاد حسین کو 13ویں انتخاب پر ٹیم میں شامل کیا۔ پچھلے سیزن میں بھی وہ منتخب ہوئے تھے مگر این او سی  نہ ملنے کی وجہ سے ٹورنامنٹ میں شرکت نہ کر سکے۔

ہریکینز نے چوتھے راؤنڈ میں انگلینڈ کے لیگ سپننگ آل راؤنڈر ریحان احمد کو بھی اپنی سپن آپشنز کھلی رکھنے کے لیے منتخب کیا۔

پرتھ میں بی بی ایل ٹائٹلز جیتنے والے لاری ایونز اور ڈیوڈ پین دوبارہ سکورچرز کی ٹیم میں شامل ہو رہے ہیں۔ انہیں پچھلے سیزن میں ریٹین نہیں کیا گیا تھا۔

سٹرائیکرز نے تیسرے راؤنڈ میں پاکستان کے ایک اور فاسٹ بولر حسن علی کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

انگلینڈ کے وکٹ کیپر بیٹر ٹام السوپ ایک بار پھر برسبین ہیٹ کی نمائندگی کریں گے جبکہ انگلینڈ کے لیگ سپنر جعفر چوہان کو سڈنی سکسزرز نے واپس چُن لیا ہے۔

ٹیموں کی مکمل فہرست:ایڈیلیڈ سٹرائیکرز: لوک وُڈ، جیمی اوورٹن، حسن علی

برسبین ہیٹ: شاہین شاہ آفریدی، کولن منرو، ٹام السوپ

ہوبرٹ ہریکینز: کرس جارڈن، رشاد حسین، ریحان احمد

میلبورن رینیگیڈز: محمد رضوان، حسن خان، ٹِم سیفرٹ

میلبورن سٹارز: حارث رؤف، ٹام کرن، جو کلارک

پرتھ سکورچرز: فِن ایلن، لاری ایونز، ڈیوڈ پین

سڈنی سکسزرز: سیم کرن، بابر اعظم، جعفر چوہان

سڈنی تھنڈر: لوکی فرگوسن، شاداب خان، سیم بلنگز

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More