پاکستانی اسکرین پر حالیہ دنوں چھائی ہوئی ڈرامہ سیریل ’ڈائن‘ نے نہ صرف ناظرین کو اپنی کہانی سے باندھ رکھا ہے بلکہ اس میں کام کرنے والے فنکار بھی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ اس ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں مہوش حیات، جو تقریباً سات سال بعد ٹی وی ڈرامے میں نظر آ رہی ہیں، اور شائقین انہیں دوبارہ چھوٹی اسکرین پر دیکھ کر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔
لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی ڈرامے میں شامل ایک اور چہرہ، جسے ناظرین شاید ایک نئی فنکارہ سمجھ رہے ہوں، دراصل مہوش حیات کی اپنی سگی بہن افشین حیات ہیں۔ جی ہاں، ’ڈائن‘ میں زکیہ کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ، دراصل مہوش حیات کی بڑی بہن ہیں اور یہ بات بہت سے ڈرامہ بین نہیں جانتے۔
افشین حیات نے شوبز کا سفر کب شروع کیا؟
افشین حیات نے شوبز میں باضابطہ قدم 2022ء میں رکھا۔ ان کی اس فنی دنیا میں آمد کی راہ کسی اور نے نہیں بلکہ خود ان کی بہن مہوش حیات نے ہموار کی۔ دونوں بہنیں پہلی بار ایک ساتھ ٹیلی فلم ’اجازت‘ میں جلوہ گر ہوئیں، جسے افشین کا ڈیبیو بھی کہا جاتا ہے۔
اگرچہ افشین حیات کا کیریئر اب بھی ابتدائی مراحل میں ہے، لیکن ’ڈائن‘ جیسے بڑے ڈرامے میں ان کی موجودگی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ وہ سنجیدگی سے اداکاری کے میدان میں اپنا مقام بنانا چاہتی ہیں۔ ان کی اسکرین پر موجودگی اور کردار کی ادائیگی شائقین کو متاثر کر رہی ہے۔
مہوش حیات کے مداح جہاں ان کی واپسی پر خوش ہیں، وہیں اب ان کی بہن افشین کو دیکھ کر یہ اُمید بھی کی جا رہی ہے کہ شاید آنے والے وقت میں اس بہن جوڑی کو مزید بڑے پراجیکٹس میں ایک ساتھ دیکھنے کا موقع ملے گا۔
ڈرامہ سیریل ’ڈائن‘ ناظرین کے لیے جہاں ایک تھرلنگ کہانی ہے، وہیں اب یہ حقیقی زندگی کے انکشافات کے باعث بھی دلچسپی کا باعث بن چکی ہے۔