کیا آپ کسی ایسے آئی فون کو اپنی ملکیت بنانا چاہتے ہیں جو عام ڈیوائس سے 15 گنا زیادہ بڑا ہو؟
برطانیہ سے تعلق رکھنے والے ایک یوٹیوبر ارون مینائی نے دنیا کا سب سے بڑا آئی فون تیار کیا ہے جو کہ 2 میٹر سے زیادہ لمبا ہے جبکہ اس کا وزن ایک فریج سے بھی زیادہ ہے۔ زیادہ دلچسپ بات یہ ہے کہ آئی فون 15 پرو میکس کی یہ نقل مکمل طور پر فعال ہے یعنی آپ اسے اصل آئی فون کی طرح استعمال کرسکتے ہیں۔
اس میں 400 واٹ کی ایک فلیش لائٹ بھی ہے جس کی روشنی کسی گاڑی کی ہیڈلائٹ سے بھی زیادہ تیز ہے۔ آئی فون 15 پرو میکس کی نقل تیار کرنے کے لیے یوٹیوبر نے ایک اور یوٹیوبر میتھیو پرکس کی مدد حاصل کی جو اس طرح کی ڈیوائسز تیار کرنے کے لیے معروف ہیں۔
دونوں کی کوششوں سے ایک ایسا اسمارٹ فون تیار ہوا جسے اٹھانے کے لیے ہی 8 افراد کی ضرورت ہوتی ہے اور گنیز ورلڈ ریکارڈ نے اسے دنیا کا سب سے بڑا اسمارٹ فون قرار دیا ہے۔ دیکھنے میں تو یہ آئی فون 15 پرو میکس کی طرح ہے مگر اندر سے یہ ایپل کی ڈیوائس سے مختلف ہے۔
اس میں انٹیل آئی 9 کمپیوٹر پراسیسر استعمال کیا گیا ہے جبکہ 128 جی بی ریم اور دیگر کمپیوٹر ہارڈ وئیر اس میں موجود ہیں۔ مزید دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ فون آئی او ایس کی بجائے اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم پر چلتا ہے جبکہ ونڈوز سپورٹ بھی موجود ہے۔
اس فون کی اسٹوریج 4 ٹی بی ہے اور اس سے آپ وہ سب کام کرسکتے ہیں جو کسی فون سے کیے جاتے ہیں جیسے ویڈیو کالز، ٹیکسٹ میسجز اور ایپس میں اسکرولنگ وغیرہ۔ 88 انچ کے او ایل ای ڈی ڈسپلے سے لیس اس فون کو دیکھنے کا تجربہ کسی ٹی وی جیسا ہے۔ یوٹیوبر کے مطابق او ایل ای ڈی پینل کو ٹچ اسکرین میں بدلنا آسان نہیں تھا اور اس مقصد کے لیے انہوں نے آپٹیکل گلیو استعمال کیا۔
فلیش لائٹ کا ذکر تو اوپر ہوچکا ہے مگر اس کا کیمرا بھی دنگ کر دینے والا ہے کیونکہ اس میں ڈیجیٹل کیمرے استعمال کیے گئے ہیں جو 100 ایکس ڈیجیٹل زوم اور دیگر کام کرسکتے ہیں۔
فون کے اندر 3840 واٹ کی 2 بڑی بیٹریاں نصب ہیں۔