پنجاب میں کتنے ہزار اسکول غیر قانونی ہیں؟ رپورٹ منظرعام پر آگئی

ہماری ویب  |  Jun 26, 2025

پنجاب کے مختلف اضلاع میں بڑے پیمانے پر نجی اسکول قائم ہیں جنہوں نے رجسٹریشن کے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ان غیر رجسٹرڈ اسکولوں کی رجسٹریشن کرنے، جرمانے عائد کرنے یا سیل کرنے میں ناکام نظر آرہی ہے۔

آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ 25-2024 میں صوبہ پنجاب میں شعبہ تعلیم میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کے انکشافات ہوئے ہیں جس میں بڑا معاملہ نجی اسکولوں کی رجسٹریشن کا ہے جس میں غفلت برتی جارہی ہے۔

آڈٹ رپورٹ کے مطابق گوجرانوالہ ڈسٹرکٹ کے حدود میں 3 ہزار 850 پرائیویٹ اسکول ہیں جس میں 1305 اسکول غیر قانونی طور پر بغیر رجسٹریشن کے چل رہے ہیں۔ آڈٹ رپورٹ میں اس سنگین صورتحال کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ ہونے کی وجہ سے 7 ہزار روپے فی اسکول فیس کی مد میں وصولی بھی نہیں کی جارہی جس سے ادارے کو 91 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان پہنچا ہے۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گجرات کے حدود میں بھی بڑی تعداد میں اسکول کئی سال سے بغیر رجسٹریشن کے چل رہے ہیں جن پر جرمانے عائد کیے جارہے ہیں نہ ہی ان سے کوئی سالانہ فیس وصول کی جارہی ہے جس کے سبب لاکھوں روپے سالانہ کا نقصان ہورہا ہے۔

اسی طرح ڈسٹرکٹ حافظ آباد میں بھی325 پرائیویٹ اسکول غیر قانونی طور پر بغیر رجسٹریشن کے چل رہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی حافظ آباد کی جانب سے 100 روپے یومیہ کے حساب سے جرمانہ بھی عائد نہیں کیا گیا اور نہ ہی غیر قانونی اسکولوں کو بند کروایا گیا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی حافظ آباد کی جانب سے اکتوبر 2024 میں جواب دیا گیا کہ 5 اسکولوں سے 50 ہزار روپے کا جرمانہ وصول کیا گیا اور دیگر اسکولوں کو شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے۔

ڈسٹرکٹ منڈی بہاؤالدین میں 105 اسکول غیرقانونی طور پر بغیر رجسٹریشن کے چل رہے ہیں جن پر 100 روپے یومیہ جرمانہ وصول کیا جاسکتا تھا تاہم جرمانہ وصول کیا جارہا ہے نہ ہی مذکورہ اسکول بند سیل کیے گئے۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی سیالکوٹ کے حدود میں 151 اسکول غیر قانونی طور پر بغیر رجسٹریشن کے چل رہےہیں جس پر قانون کے مطا بق جرمانے اور فیس کی مد میں 4 کروڑ 68 لاکھ روپے وصول ہونے تھے جو نہیں کیے جاسکے اور اسکول بھی سیل نہیں کیے گئے۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس قصور کے حدود میں 202 اسکول غیر قانونی طور پر بغیر رجسٹریشن چل رہے ہیں ان اسکولوں سے 35 لاکھ روپے کی فیس وصول کی جاسکتی ہے جو نہیں کی جارہی۔ ناروال ڈسٹرکٹ میں 86 اسکول بغیر رجسٹریشن کے چل رہے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More