گھر کے ہر کونے میں خالص سونا۔۔ آخر اس عالیشان محل میں کون رہتا ہے؟ ویڈیو نے لوگوں کو حیران کردیا

ہماری ویب  |  Jul 03, 2025

بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والے ایک عام شخص کی زندگی نے سوشل میڈیا کو اس وقت حیرت میں ڈال دیا جب اس کے سونے سے چمکتے محل کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ غربت سے خوشحالی تک کا یہ سفر نہ صرف غیر معمولی ہے بلکہ انٹرنیٹ پر لوگوں کی توجہ کا مرکز بھی بن چکا ہے۔

سوشل میڈیا انفلوئنسر پریام سرسوت کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ رہائش گاہ کسی شاہی قلعے سے کم نہیں۔ ویڈیو کی شروعات محل کے دروازے سے ہوتی ہے، جہاں ایک قطار میں کئی لگژری گاڑیاں کھڑی نظر آتی ہیں، جن میں 1936 ماڈل مرسڈیز، جدید وولوو EV، لینڈ روور ڈیفنڈر اور بی ایم ڈبلیو ایف 7 جیسی قیمتی گاڑیاں شامل ہیں۔ گھر کے مالک کا کہنا ہے کہ وہ ہمیشہ کوشش کرتے ہیں کہ ان کے شہر اندور میں جب بھی کوئی نئی گاڑی متعارف ہو، سب سے پہلے وہی اسے خریدیں۔

گھر کے اندرونی مناظر دیکھنے والوں کو مبہوت کر دیتے ہیں۔ سونے سے مزین دیواریں، شاندار نقش و نگار سے آراستہ چھتیں، راج محل جیسا وسیع ڈرائنگ روم اور ماتا سرسوتی کی بڑی مورتی اس گھر کو مزید منفرد بناتی ہیں۔ یہاں تک کہ بجلی کے ساکٹ بھی خالص 24 قیراط سونے سے بنائے گئے ہیں۔ پورا گھر 10 بیڈرومز پر مشتمل ہے اور وسیع رقبے پر پھیلا ہوا ہے، جس میں ایک نفیس مندر بھی شامل ہے۔

گھر کے مالک نے بتایا کہ ان کا سفر ایک پٹرول پمپ سے شروع ہوا، جہاں ان کے خاندان کے 25 افراد کام کیا کرتے تھے۔ پھر انہوں نے سرکاری تعمیراتی منصوبوں میں حصہ لینا شروع کیا اور آہستہ آہستہ ترقی کی سیڑھیاں چڑھتے ہوئے آج وہ کروڑوں روپے کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، جن میں پل، سڑکیں اور رہائشی اسکیمیں شامل ہیں۔

یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد انٹرنیٹ پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ کچھ صارفین نے اسے کامیابی کی مثال قرار دیا تو بعض نے سونے کے بے جا استعمال اور دولت کے مظاہرے پر تنقید بھی کی۔ تاہم، ایک بات طے ہے کہ مدھیہ پردیش کے اس شہری کا محل اب صرف ایک رہائش نہیں بلکہ ایک وائرل مظہر بن چکا ہے جس نے ہزاروں صارفین کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More