بلوچستان: قلعہ عبداللہ میں دو قبائل میں تصادم، پانچ افراد ہلاک

اردو نیوز  |  Jul 21, 2025

صوبہ بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں دو قبائل میں تصادم کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک اور سات زخمی ہو گئے۔

حکام کے مطابق واقعہ اتوار کو کوئٹہ سے تقریباً 100 کلومیٹر دور قلعہ عبداللہ کے نواحی علاقے توت اڈہ میں پیش آیا جہاں کاکوزئی اور بدوان قبیلے کے افراد ایک دوسرے کے خلاف مورچہ بند ہوئے اور اسلحے کا آزادانہ استعمال کیا۔

ایک لاش اور دو زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہ زیب کاکڑ نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ’دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک اور سات زخمی ہو گئے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ دونوں قبائل کے درمیان کافی عرصے سے تنازع چلا آ رہا تھا، آج دونوں جانب سے مسلح افراد سامنے آئے تو تصادم شروع ہوا۔

کمشنر کے مطابق تصادم رکوانے کے لیے لیویز اور ایف سی کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی ہے، جلد ہی جنگ بند کرا دی جائے گی۔

مقامی ذرائع کے مطابق دونوں قبائل میں اس سے قبل بھی متعدد بار جان لیوا تصادم ہو چکے ہیں۔

افغان سرحد سے ملحقہ قلعہ عبداللہ کا ضلع قبائلی دشمنیوں کے لیے بدنام ہے۔ یہاں مختلف قبائل کے درمیان درجنوں دشمنیاں پائی جاتی ہیں جس میں گذشتہ تین دہائیوں میں سینکڑوں افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More