پاکستانی فوج نے مختصر ترین وقت میں دشمن کی غلط فہمی دور کر دی: شہباز شریف

اردو نیوز  |  Jul 29, 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بہت کم عرصے میں بھرپور کارکردگی دکھائی اور انڈیا کو تاریخی شکست سے دوچار کیا۔

منگل کو لاہور میں پاکستان ریلوے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ چار دن کی انتہائی خطرناک جنگ تھی، لیکن انتہائی کم مدت میں جیتی۔ پوری دنیا پاکستان کی معترف ہے۔‘

’ پوری قوم افواج پاکستان کے لیے دعائیں کرتی تھی۔ فوج نے اپنی بھرپور صلاحیتوں کو استعمال کیا اور انڈیا کا مقابلہ کیا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’فتح ون میزائل نے کارگردگی دکھائی، نیوی بھی تیار تھی۔ میں لمحہ بہ لمحہ یہ سب دیکھ رہا تھا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پوری قوت سے جنگ لڑی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’لوگ سمجھتے تھے کہ پاکستان روایتی جنگ نہیں لڑ سکتا اور وہ غیر روایتی طریقہ استعمال کرے گا، لیکن پاکستان نے یہ کر کے دکھایا کہ وہ غیر روایتی طریقے سے بھی دشمن کو مات دے سکتا ہے۔‘

اس کے علاوہ شہباز شریف نے کہا کہ ’مہنگائی پانچ فیصد سے کم ہو چکی ہے جو 39 فیصد تک پہنچ چکی تھی۔ پالیسی ریٹ 11 فیصد پر ہے۔ سی پیک پر کام ہو رہا ہے۔ امریکہ کے ساتھ تعلقات بہتر ہو رہے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے جنگ رکوائی، اس سے بڑی کامیابی کیا ہو سکتی ہے۔‘

واضح رہے کہ گذشتہ روز انڈیا کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے پاکستان کے ساتھ جنگ بندی کروانے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی دہلی نے مئی میں پاکستان کے ساتھ اپنا فوجی تنازع ختم کر دیا تھا کیونکہ اس نے اپنے تمام مقاصد پورے کر لیے تھے.

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ 22 اپریل کو انڈیا کے زیرِانتظام کشمیر میں ہندو سیاحوں پر حملے کے معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث کے آغاز پر بات کر رہے تھے۔

راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ’انڈیا نے اپنا آپریشن روک دیا کیونکہ تنازعے میں تمام سیاسی اور فوجی مقاصد کو حاصل کر لیا گیا تھا۔‘

انہوں نے کہا کہ یہ کہنا کہ آپریشن کو دباؤ میں ختم کیا گیا بے بنیاد اور مکمل طور پر غلط ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More