’’بھاری دل کے ساتھ اعلان کرتی ہوں کہ میرے شوہر عمار احمد خان اور میں علیحدہ ہوچکے ہیں۔ میری سب سے گزارش ہے کہ ہماری پرائیویسی کا احترام کریں۔ یہ فیصلہ آسان نہیں تھا اور ہم دونوں کو وقت چاہیے کہ ہم مستقبل کے بارے میں بہتر فیصلہ کرسکیں۔ براہ کرم ہمیں مت پرکھیں، کیونکہ شادی کی اصل حقیقت صرف اُن دو لوگوں کو معلوم ہوتی ہے جو اس رشتے میں بندھے ہوتے ہیں۔ شکریہ۔‘‘
یہ جذباتی پیغام پاکستان کی معروف اداکارہ حنا رضوی نے اپنے انسٹاگرام پر شیئر کیا، جس میں انہوں نے اپنے مداحوں کو اپنے ازدواجی رشتے کے انجام کے بارے میں آگاہ کیا۔
چند ماہ قبل ہی حنا رضوی اور اداکار عمار احمد خان کی شادی شوبز انڈسٹری کا ایک خوشگوار لمحہ تھی۔ اپریل 2024 میں ہونے والی اس تقریب میں ان کے قریبی دوستوں اور ساتھی فنکاروں نے بھرپور شرکت کی، اور دونوں کی جوڑی کو سوشل میڈیا پر خوب سراہا گیا۔
تاہم وقت کے ساتھ اُن کے درمیان دوریاں بڑھتی گئیں، اور اب حنا رضوی نے باضابطہ طور پر علیحدگی کی تصدیق کردی ہے۔ ان کے حالیہ انسٹاگرام پوسٹس اور اسٹوریز میں موجود کیپشنز بھی کچھ دنوں سے ان کے ذاتی مسائل کی جانب اشارہ کر رہے تھے، جنہیں مداحوں نے محسوس بھی کیا۔
اپنی پوسٹ میں حنا رضوی نے ایک بار پھر تمام فینز اور میڈیا سے پرزور اپیل کی کہ ان کی ذاتی زندگی پر تنقید کرنے کے بجائے، انھیں اور عمار کو کچھ وقت اور سکون دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ دونوں اب بھی اپنے فیصلوں کے بارے میں غور کررہے ہیں، اور مستقبل میں کیا ہوگا، یہ وقت ہی بتائے گا۔
اداکارہ نے اپنے دل کی بات کہنے کے بعد آخر میں یہ بھی لکھا: .’ہمارے فیصلے پر منفی تبصرے کرکے ہماری زندگی کو مشکل مت بنائیں، یہ وقت ہم دونوں کے لیے نازک ہے۔‘ یاد رہے کہ حنا رضوی کو خاص طور پر "فیری ٹیل" میں آغو جان کے کردار نے شہرت کی نئی بلندیوں تک پہنچایا۔ ان کا اگلا ڈرامہ "مسافت" جلد ہم ٹی وی پر نشر کیا جائے گا۔