بنوں میں پولیس چوکی پر حملہ، ایک اہلکار شہید، 3 دہشت گرد ہلاک

ہماری ویب  |  Aug 03, 2025

خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس چوکی پر دہشت گرد حملے میں ایک اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے، جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔

بنوں میں پولیس چوکی فتح خیل پر دہشت گردوں نے رات گئے حملہ کیا ، دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور تین زخمی ہوگئے۔

ڈی آئی جی بنوں کے مطابق دہشت گردوں کی تعداد 40 سے 50 تھی، پولیس اہلکاروں نے شدت پسندوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ شہید اہلکارکی شناخت کانسٹیبل نیاز کے نام سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں اہلکار منیر، سوداد اور مفتی محمود شامل ہیں۔

پولیس کی جانب سے موثر جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے جبکہ دیگر فرار ہوگئے۔ ڈی آئی جی بنوں کا کہنا ہے کہ پولیس دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر ڈٹ کر کھڑی ہے، ہمارے جوان دشمن کے بزدلانہ حملوں کا بھرپور جواب دینا جانتے ہیں، دہشتگرد اس طرح کی کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔

ادھر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنوں کے قریب پولیس چوکی فتح خیل پر فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی اور دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے پولیس اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More