خیبر پختونخوا : سی اینڈ ڈبلیو کے 144 ارب کے 3274 منصوبوں کی دستاویز نامکمل

ہماری ویب  |  Aug 04, 2025

خیبر پختونخوا کے محکمہ تعمیرات و مواصلات کے 144 ارب سے زائد لاگت کے 3 ہزار سے زائد ترقیاتی منصوبوں کے ٹھیکوں کے اجراء سے متعلق دستاویز نامکمل نکلیں۔

آن لائن ٹھیکوں کی الاٹمنٹ کے حوالے سے محکمہ کے پاس موجود ریکارڈ نامکمل ہے جس کے باعث ان ٹھیکوں کے اجراء میں سنگین بے قاعدگیوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

مالی سال 2023-24 کے دوران خیبر پختونخوا کے محکمہ تعمیرات و مواصلات کے اخراجات کے حوالے سے آڈٹ جائزہ کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ محکمہ کے تین ہزار 274 ترقیاتی منصوبوں کی الاٹمنٹ کی دستاویز مکمل نہیں ہیں، ان منصوبوں کی تخمینہ لاگت 144 ارب 61 کروڑ روپے سے زائد ہے۔

آڈٹ رپورٹ کے مطابق محکمہ نے ای بڈنگ کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یہ ٹھیکے غیر قانونی طریقے سے دیئے گئے ہیں، محکمہ تعمیرات و مواصلات نے ای بڈنگ سے متعلق اہم ڈیٹا جیسے اشتہار کی تاریخ، بڈنگ کے آغاز اور بند ہونے سمیت بڈنگ کھلنے کی تاریخیں فراہم نہیں کی ہے، مزید یہ کہ سنگل اسٹیج سنگل اینولپ ٹینڈرنگ کے عمل میں سی ڈی آرز اپ لوڈ نہیں کیے گئے اور کئی کیسز میں ای ورک آرڈر جاری نہیں کیا گیا۔

زیادہ تر منصوبوں میں بل آف کوانٹیٹیز ٹینڈرز کی آخری تاریخ سے 15 دن سے کم عرصہ پہلے اپ لوڈ کیے گئے جو پریکیورٹمنٹ اتھارٹی کے قواعد 2014 کے مطابق کم از کم 15 دن ہونا ضروری ہے۔

آڈٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ 18 دسمبر 2024 اور 31 دسمبر 2024 کو بھیجے گئے خطوط اور یاد دہانیوں کے باوجود محکمانہ آڈٹ میٹنگ نہیں بلائی گئی۔ آڈٹ نے اس معاملے میں ذمہ دار افراد کے خلاف تحقیقات کرنے اور انہیں سزائیں دینے کی سفارش کی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More