امریکہ میں لینڈنگ کے دوران جہاز دوسرے کھڑے جہازوں سے ٹکرا گیا جس سے متعدد میں آگ لگ گئی۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق واقعہ پیر کو دن دو بجے کے قریب مونٹانا ریاست کے شہر کیلسپیل کے ایئرپورٹ پر پیش آیا۔
کیلسپیل پولیس کے سربراہ جارڈن وینیزیو اور ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ ایک انجن والے چھوٹے جہاز میں چار افراد سوار تھے۔ جو آگ لگنے کے بعد باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے اور ان کو معمولی چوٹیں آئیں۔
رپورٹ کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ پائلٹ جہاز پر قابو رکھنے میں ناکام رہا اور تباہ ہونے سے قبل رن وے کے قریب کھڑے متعدد جہازوں سے ٹکراتا گیا، جس کے نتیجے میں کئی جہازوں میں آگ لگ گئی اور رن وے کے قریب گھاس کو بھی لپیٹ میں لے لیا تاہم بعدازاں اس کو بجھا دیا گیا۔
مونٹانا کے شمال مشرقی علاقے میں واقع اس چھوٹے شہر میں ایک ایئرپورٹ ہے اور یہاں کی آبادی 30 ہزار کے لگ بھگ ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کریش لینڈنگ کرتے ہی جہاز رن وے کے آخری سرے پر کھڑے جہاز سے ٹکرایا اور اس کے بعد تھوڑی دور کھڑے دوسرے جہازوں سے بھی جا ٹکرایا۔
واقعے کے ساتھ ہی ریسکیو ٹیم حرکت میں آ گئی تاہم اس کے پہنچنے سے قبل جیسے ہی جہاز رکا اندر موجود افراد باہر نکلنے میں کامیاب رہے اور وہ معمولی زخمی ہوئے۔
رون ڈینیئلسن نامی ایک اور عینی شاہد کا کہنا تھا کہ میں نے تیز آواز سنی اور رن وے کی طرف دیکھا تو وہاں دھوئیں کے بادل اٹھ رہے تھے۔
نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کا کہنا ہے کہ جہاز واشنگٹن کے علاقے پولمین سے آ رہا تھا۔
ایف اے اے کا کہنا ہے کہ یہ ٹی بی ایم 700 جہاز تھا جو 2011 میں تیار کیا گیا تھا اور میٹر سکائی ایل ایل سی کمپنی کی ملکیت تھا۔
کمپنی کے نمائندے نے موقف جاننے کے لیے بھجوائے گئے پیغام پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔
ایوی ایشن کے سیفٹی کنسلٹنٹ جیف گوزیٹی کا کہنا ہے کہ جہاز کے کھڑے جہازوں سے ٹکرانے کے واقعات پہلے بھی ہوئے ہیں۔
ایسا ہی ایک حادثہ فروری میں گلوکار موٹلی کریو کا جہاز ایریزونا میں رن وے پر کھڑے ایک اور جہاز سے ٹکرا گیا تھا جس میں ایک شخص ہلاک ہوا تھا۔