برطانوی پولیس نے کرکٹر حیدر علی کیخلاف جنسی زیادتی کا مقدمہ خارج کر دیا

اردو نیوز  |  Sep 04, 2025

پاکستانی کرکٹر حیدر علی پر برطانوی پولیس کی جانب سے بنایا گیا مقدمہ ختم کر دیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق برطانوی پولیس نے حیدر علی کے خلاف درج مبینہ ریپ کا مقدمہ ناکافی شواہد کی وجہ سے ختم کر دیا ہے۔

خبر کے مطابق ریپ کے الزام سے بری ہونے والے حیدر علی کو آئندہ چند گھنٹوں میں پاسپورٹ بھی  واپس مل جائے گا اور اس کے بعد وہ آزادانہ طور پر برطانیہ آ جا سکیں گے۔ 

برطانوی پولیس نے حیدر علی کے خلاف تحقیقات کے لیے اضافی وقت لیا تھا تاہم کرکٹر کے خلاف کوئی الزام ثابت نہیں ہوسکا ہے۔

24 سالہ کرکٹر کو پولیس نے ایک خاتون کی جانب سے جنسی زیادتی کے الزامات عائد کیے جانے کے بعد گرفتار کیا تھا۔

مانچسٹر پولیس کے مطابق ’گزشتہ ماہ کی چار تاریخ کو جنسی زیادتی کی شکایت موصول ہوئی تھیں جبکہ زیادتی کا واقعہ مبینہ طور پر 23 جولائی کو مانچسٹر کی حدود میں پیش آیا تھا۔‘

پولیس کا کہنا تھا کہ ’واقعے کے الزام میں 24 سالہ نوجوان کو گرفتار کیا گیا اور واقعے کی تحقیقات مکمل ہونے تک ملزم کو ضمانت پر رہا کیا گیا۔‘

پولیس نے تحقیقات کے دوران حیدر علی کا فون تفتیش کے لیے حاصل کیا تھا جبکہ الزام عائد کرنے والی خاتون کی جانب سے بھی پولیس کو مبینہ واقعے کے متعلق کچھ شواہد فراہم کیے گئے تھے تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ ماہ کی تحقیقات کے بعد ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا جو حیدر علی کے خلاف الزام ثابت کر سکے۔

یاد رہے کہ یہ واقعہ پاکستان شاہینز کرکٹ ٹیم کے حالیہ دورہ انگلینڈ کے دوران پیش آیا تھا جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تصدیق کی تھی کہ کرکٹر حیدر علی کے خلاف برطانیہ کی گریٹر مانچسٹر پولیس کی جانب سے ایک کریمینل مقدمے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More