"جب میں پہلی بار آئیکو سے ملا تو سب کچھ بدل گیا۔ میں دراصل اس کی پوتی کا ہم جماعت تھا اور ایک دن اسے گھر چھوڑنے گیا۔ وہیں میری نظر آئیکو پر پڑی، اور وہ لمحہ میری زندگی کا رخ بدلنے والا ثابت ہوا۔ آج بھی مجھے یقین نہیں آتا کہ یہ سب حقیقت ہے۔"
جاپان میں ایک انوکھا عشق سب کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ 23 سالہ نوجوان کوفو اور 83 سالہ آئیکو کی جوڑی اس وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔ ان دونوں کی کہانی ایک عام ملاقات سے شروع ہوئی مگر دیکھتے ہی دیکھتے ایک غیر معمولی رشتے میں بدل گئی۔
آئیکو اپنی عمر سے کہیں زیادہ جوان نظر آتی ہیں، جس کی بڑی وجہ ان کا متوازن طرزِ زندگی، باغبانی کا شوق اور خود پر بھرپور توجہ ہے۔ وہ ایک ماہر مالی ہیں اور ان کا اپنا وسیع نباتاتی باغ ہے۔ اپنی زندگی میں وہ دو بار شادی کرچکی ہیں، ایک بیٹے اور ایک بیٹی کے ساتھ ساتھ پانچ پوتے پوتیاں بھی ہیں۔ دوسری شادی طلاق پر ختم ہوئی تو وہ اپنے بیٹے کے گھر منتقل ہوگئیں۔
کوفو فی الحال یونیورسٹی کی تعلیم مکمل کرنے کے قریب ہے اور ایک کمپنی میں انٹرن کے طور پر کام کرتا ہے۔ وہ خود بتاتا ہے کہ آئیکو کی پوتی اس کی ہم جماعت تھی اور اسی کے ذریعے پہلی ملاقات ہوئی۔ ابتدا میں عمر کے بڑے فرق نے دونوں کو کچھ ہچکچاہٹ میں مبتلا رکھا، مگر جذبات اتنے گہرے تھے کہ وقت کے ساتھ سب رکاوٹیں ختم ہوتی چلی گئیں۔
آئیکو نے بھی اپنے دل کی کیفیت بیان کرتے ہوئے کہا: "کوفو بہت نرم دل اور زندگی سے بھرپور ہے، میں نے کبھی ایسا نوجوان نہیں دیکھا، اسی لیے دل اس کی طرف کھنچتا چلا گیا۔"
دونوں کی قربت ایک ڈزنی لینڈ کے دورے میں اور بھی بڑھ گئی جب کوفو نے پہلی بار اپنے جذبات کا اظہار کیا اور آئیکو نے فوراً قبول کرلیا۔ آج یہ جوڑا نہ صرف اکٹھا رہتا ہے بلکہ دونوں کے خاندان بھی ان کے رشتے کے حامی ہیں۔
ابھی شادی کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا، لیکن ان کی کہانی اس وقت جاپان اور دنیا بھر میں غیر روایتی محبت کی ایک دلچسپ مثال بن چکی ہے۔