حکومت خیبر پختونخوا نے صوبائی اور ضلعی سطح پر تمام سرکاری محکموں کو ہدایت دی ہے کہ ناکارہ اور ناقابلِ مرمت گاڑیوں کی بروقت نیلامی کی جائے۔
وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سرکاری دفاتر، خاص طور پر پولیس محکمے کی بہت سی گاڑیاں خراب حالت میں سرکاری احاطوں میں کھڑی ہیں جو جگہ گھیرنے کے ساتھ ساتھ قومی خزانے پر بوجھ بن جاتی ہیں۔
مراسلے میں تمام محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ فوری طور پر ناقابلِ مرمت گاڑیوں کو کباڑ قرار دے کر ان کی نیلامی کی جائے۔ اس کے لیے ضلع کی سطح پر نیلامی کا طریقہ کار بھی وضع کرنے ک ہدایت کی گئی ہے تاکہ گاڑیوں کو پشاور منتقل کرنے کے اخراجات سے بچا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ کا کہنا ہے کہ نیلامی کا شیڈول ہر 45 دن بعد جاری کیا جائے اور اس پر سختی سے عمل بھی کروایا جائے گا۔ علاوہ ازیں ضلعی سطح پر نیلامی کا طریقہ کار دو ہفتوں میں تیار کر کے نافذ کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
اس حوالے سے مزید ہدایت دی گئی ہے کہ تمام محکمے 10 دن کے اندر اپنی رپورٹ وزیرِ اعلیٰ سیکریٹریٹ کو ارسال کریں گے۔ مراسلے میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ پولیس محکمے کی گاڑیوں کی نیلامی کے لیے بھی یہی طریقہ اختیار کیا جائے۔