فیلڈ مارشل کا سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ، متاثرین کی مکمل بحالی کی یقین دہانی

ہماری ویب  |  Sep 13, 2025

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ریاست ہر سال قیمتی جانوں اور املاک کے نقصان کی متحمل نہیں ہو سکتی متاثرین سیلاب کی دوبارہ آبادکاری اور بحالی میں پاک فوج مکمل تعاون کرے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قصور سیکٹر اور جلالپور پیروالا، ملتان میں قائم فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہیں سیلاب کی موجودہ صورتحال اور جاری ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق سول انتظامیہ سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اچھی طرز حکمرانی اور عوام دوست ترقی کی اہمیت پر زور دیا۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے متاثرین سیلاب سے ملاقات کی۔ متاثرین نے بروقت انخلا اور امداد پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا جس پر فیلڈ مارشل نے انہیں مکمل بحالی اور دوبارہ آبادکاری میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر انہوں نے ریلیف آپریشنز میں مصروف پاک فوج کے جوانوں، ریسکیو 1122 کے اہلکاروں اور پولیس سے بھی ملاقات کی اور ان کے حوصلے، تیاری اور مشکل حالات میں قوم کی خدمت کے جذبے کو سراہا۔

ترجمان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لاہور، قصور اور ملتان جلالپور پیروالا کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا تاکہ نقصان کے تخمینے اور بحالی کے اقدامات کا براہِ راست معائنہ کیا جا سکے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More