ایشیا کپ ٹی20 کے اہم میچ میں پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو 41 رنز سے ہرا دیا۔
دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے۔
147 رنز کے ہدف کے تعاقب میں متحدہ عرب امارات کی پوری ٹیم 18 ویں اوور میں 110 رنز ہی بنا سکی۔
امارات کی جانب سے راہول چوپڑا 35 اور دھرو پراشر 20 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
علی شان شرافو 12، محمد وسیم، 14، محمد زوہیب چار، آصف خان، ہرشیت کوشک صفر اور حیدر علی نے چھ رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں پاکستان نے متحدہ عرب امارات کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے 146 رنز بنائے۔
پاکستان کی بیٹنگ لائن اس میچ میں بھی ناکام ہوئی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی جانب سے فخر زمان نے نصف سینچری سکور کی جبکہ شاہین شاہ آفریدی 29 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی بیٹنگ لائن اس میچ میں بھی ناکام ہوئی۔ اوپنر صائم ایوب اس میچ میں بھی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ صاحبزادہ فرحان 5 اور کپتان سلمان علی آغا 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
حسن نواز تین، خوشدل شاہ چار، محمد حارث 18 اور محمد نواز چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
امارات کی جانب سے جنید صدیق چار اور سمریت جیت سنگھ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں ایشیا کپ میں گروپ اے کے میچ میں یو اے ای نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
یو اے ای کے خلاف میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئیں۔ سفیان مقیم اور فہیم اشرف کی جگہ حارث رؤف اور خوشدل شاہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔
واضح رہے کہ گروپ اے کا یہ میچ اس لیے اہم ہے کیوں کہ جیتنے والی ٹیم سپر فور مرحلے میں پہنچ جائے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم کا سفر ختم ہوجائے گا۔