سینیٹ کمیٹی کی بی آئی ایس پی اور بیت المال کی استعداد بڑھانے کی سفارش

ہماری ویب  |  Sep 30, 2025

اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے غربت کے خاتمے و سماجی تحفظ کا اجلاس چیئرمین سینیٹر سردار الحاج محمد عمر کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) اور پاکستان بیت المال کی کارکردگی اور مالی معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے بریفنگ میں بتایا کہ گریڈ 19 اور اس سے اوپر کے 11 افسران ڈپوٹیشن پر تعینات ہیں، جن میں سے زیادہ تر کا تعلق محکمہ تعلیم سے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈپوٹیشن پالیسی سے والدین محکموں میں خلا پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئی بھرتیوں کی اشد ضرورت ہے، مگر وزارتِ خزانہ کی مالی پابندیوں کے باعث یہ عمل رکا ہوا ہے۔ کمیٹی نے وزیر خزانہ کو آئندہ اجلاس میں طلب کرنے کی سفارش کر دی۔

روبینہ خالد نے واضح کیا کہ بی آئی ایس پی کی رجسٹریشن غربت کے پیمانوں کی بنیاد پر کی جاتی ہے اور اس میں کسی قسم کی سفارش یا دباؤ کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ کمیٹی چیئرمین نے اس پروگرام کو قومی منصوبہ قرار دیتے ہوئے اسے ملک بھر میں وسعت دینے پر زور دیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ بینظیر نشوونما پروگرام کے ذریعے غذائی قلت میں 6.4 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، جبکہ بینظیر ہنر مند پروگرام کے تحت مستحق نوجوانوں کو 3 سے 6 ماہ کے فنی کورسز فراہم کیے جا رہے ہیں۔

مزید برآں، پاکستان بیت المال کے امور پر انکوائری رپورٹ ایک ماہ میں طلب کر لی گئی۔ کمیٹی نے وزارت خزانہ پر زور دیا کہ بی آئی ایس پی اور پاکستان بیت المال کی افرادی قوت بڑھانے میں مکمل تعاون فراہم کرے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More