آصف آفریدی کی پہلی ٹیسٹ اننگز میں ہی پانچ وکٹیں، جنوبی افریقہ مشکلات کا شکار

بی بی سی اردو  |  Oct 22, 2025

Getty Imagesآصف آفریدی پاکستانی کرکٹ کی تاریخ میں ٹیسٹ ڈیبو کرنے والے دوسرے عمر رسیدہ ترین کھلاڑی ہیں

راولپنڈی میں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے دوسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن پاکستانی سپنرز نے کھیل میں واپسی کرتے ہوئے پہلے ہی سیشن میں مہمان ٹیم کے مزید چار کھلاڑی آؤٹ کر لیے ہیں۔

تیسرے دن پاکستان کی جانب سے سب سے عمدہ کارکردگی اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے آصف آفریدی کی رہی جنھوں نے مزید تین وکٹیں لے کر اننگز میں پانچ وکٹیں لینے کا کارنامہ سرانجام دیا۔

بدھ کو جب کھیل شروع ہوا تو ٹرسٹن سٹبز 68 جبکہ کائل ورینے 10 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے لیکن آصف آفریدی نے پہلے ہی اوور میں ورینے کو وکٹوں کے پیچھے کیچ کروا کر پاکستان کو پانچویں کامیابی دلوا دی۔

سٹبز بھی زیادہ دیر کریز پر نہ رکے اور جب جنوبی افریقہ کا سکور 204 تک پہنچا تو آصف نے انھیں ایل بی ڈبلیو کر کے میزبان ٹیم کو اہم کامیابی دلوائی۔

سٹبز کی جگہ آنے والے ہارمر سات گیندوں کے ہی مہمان ثابت ہوئے اور دو رنز بنانے کے بعد آصف کی اننگز میں پانچویں اور جنوبی افریقہ کی گرنے والی ساتویں وکٹ بن گئے۔

پہلے ٹیسٹ میچ میں 11 وکٹیں لینے والے نعمان علی نے مارکو جینسن کو آؤٹ کر کے اس میچ میں اپنا کھاتہ کھولا۔

اس وقت کریز پر سنورن موتھسامی اور کیشو مہاراج موجود ہیں اور جنوبی افریقہ نے اب سے کچھ دیر قبل تک آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنا لیے تھے۔ اسے اب بھی پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 74 رنز درکار تھے۔

مہاراج کی سپن کے سامنے پاکستانی بلے باز بےبسGetty Imagesجنوبی افریقہ نے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے کیشو مہاراج کو ٹیم میں شامل کیا اور انھوں نے سات وکٹیں لے کر یہ فیصلہ درست ثابت کر دکھایا

راولپنڈی میں کھیلے جانے والے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کا دوسرا دن جنوبی افریقہ کے نام رہا تھا اور وہ وکٹ جہاں پہلے سیشن میں پاکستانی بلے باز کیشو مہاراج کی سپن کھیلنے میں ناکام دکھائی دیے وہیں جنوبی افریقہ کے بلے بازوں نے کھیل کے اختتام تک پہلی اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنا لیے۔

جنوبی افریقہ کو بھی اپنی اننگز کے آغاز میں کچھ مشکلات کا سامنا رہا اور 54 سکور پر اس کی دو وکٹیں گر گئیں لیکن پھر ٹرسٹن سٹبز اور ٹونی زورزی نے پاکستانی بولرز کا جم کرمقابلہ کیا اور 113 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ اس دوران دونوں نے نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔

اس شراکت کا خاتمہ پاکستان کے لیے اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے آصف آفریدی نے کیا جنھوں نے زورزی کو 55 کے سکور پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ آصف نے اگلے ہی اوور میںبریوس کو سلپ میں کیچ کروا کے پاکستان کو میچ میں واپس لا کھڑا کیا۔

اس سے قبل دن کے پہلے سیشن میں پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 333 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ پاکستان کا لوئر آرڈر کیشو مہاراج کی سپن بولنگ کا سامنا کرنے میں ناکام رہا اور پاکستان کی آخری پانچ وکٹیں مجموعی سکور میں 17 رنز کا ہی اضافہ کر سکیں۔

مہاراج نے اس اننگز میں 102 رنز کے عوض سات وکٹیں حاصل کیں۔

منگل کو پاکستان نے پہلی اننگز پانچ وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز سے دوبارہ شروع کی تو سعود شکیل اور سلمان علی آغا نے پہلے سیشن میں مزید کسی نقصان کے بغیر سکور میں 57 رنز کا اضافہ کیا۔

اس شراکت کے دوران سعود نے نصف سنچری بھی مکمل کی تاہم ان کے ساتھی سلمان آغا پانچ رنز کی کمی سے ایسا کرنے میں ناکام رہے اور 316 کے مجموعی سکور پر کیشو مہاراج کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

سلمان آغا کی پویلین واپسی کے بعد سعود شکیل بھی زیادہ دیر کریز پر نہ رکے اور جب ان کا انفرادی سکور 66 اور ٹیم کا سکور 321 پر پہنچا تو کیشو مہاراج نے انھیں سلپ میں کیچ کروا دیا۔

مجموعی سکور میں دو رنز کے اضافے کے بعد گذشتہ روز پاکستان کی ون ڈے ٹیم کا نیا کپتان مقرر کیے جانے والے شاہین آفریدی بھی مہاراج کی گیند پر بولڈ ہوئے تو یہ جنوبی افریقی سپنر کی اننگز میں پانچویں وکٹ تھی۔

Getty Imagesسعود شکیل نے 66 رنز کی اہم اننگز کھیلی

جب مہاراج نے ہی ساجد خان کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو نویں وکٹ دلائی تو پاکستان کا سکور 329 تک ہی پہنچا تھا۔ اسی اوور میں انھوں نے اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے آصف آفریدی کو بولڈ کر کے پاکستانی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔

اس سے قبل میچ کے پہلے دن پاکستانی کپتان کا ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ ابتدائی سیشنز میں تو درست دکھائی دیا تھا تاہم کھیل کے آخری سیشنز میں جنوبی افریقہ نے میچ میں واپسی کی اور تین وکٹیں لے کر پاکستان کی پیش قدمی کو روک لیا تھا۔

پاکستان کی اننگز میں اب تک کپتان شان مسعود، عبداللہ شفیق اور سعود شکیل نے نصف سنچریاں بنائی ہیں۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے اس میچ کے لیے ٹیم میں دو جبکہ پاکستان نے ایک تبدیلی کی گئی۔

جنوبی افریقہ نے ویان ملڈر اور سبرائن کی جگہ مارکو جینسن اور کیشو مہاراج کو ٹیم میں شامل کیا جبکہ پاکستان نے حسن علی کی جگہ بائیں ہاتھ کے سپنر آصف آفریدی کو کھلایا ہے جن کا یہ پہلا ٹیسٹ میچ ہے۔

سوشل میڈیا پر دو سپنرز کا ذکر

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران سوشل میڈیا صارفین دونوں ٹیمز میں شاندار کارکردگی دکھانے والے دو سپنرز کی بات کرتے نظر آئے۔

پہلے تو پاکستانی کرکٹ فینز نے جنوبی افریقہ کی ٹیم میں شامل سپنر کیشو مہاراج کی بات کی اور اُن کی اس میچ کی پہلی اننگز میں شاندار بالنگ پر انھیں داد دیتے نظر آئے۔ کیشو مہاراج نے میچ کی پہلی انگز میں پاکستان کے سات کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

شاہزیب علی نامی ایک ایکس یوزر نے لکھا کہ ’کیشو مہاراج نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہ جنوبی افریقہ کے لیے ایک انمول اثاثے کی حیثیت کیوں رکھتے ہیں۔‘

تاہم کیشو مہاراج کے ساتھ ساتھ پاکستان کرکٹ ٹیم کی جانب سے راولپنڈی ٹیسٹ سے ڈیبیو کرنے والے آصف آفریدی سے متعلق بھی سوشل میڈیا پر بات ہوتی دیکھائی دی۔

فرید خان نامی ایک ایکس یوزر نے لکھا کہ ’آصف آفریدی نے اب تک اپنے ڈیبیو میچ میں دو وکٹیں حاصل کی ہیں۔ پاکستان میچ میں واپس آ گیا۔‘

آصف آفریدی کون ہیں؟

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے آغاز سے پہلے سے ہی شائقین کی توجہ کا مرکز وہ پاکستانی سپنر رہے جنھیں تقریباً 39 برس کی عمر میں پہلی مرتبہ ملک کی نمائندگی کا موقع دیا گیا ہے۔

آصف آفریدی پاکستانی کرکٹ کی تاریخ میں ٹیسٹ ڈیبو کرنے والے دوسرے عمر رسیدہ ترین کھلاڑی ہیں۔ انھوں نے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ 38 برس 299 دن کی عمر میں کھیلا ہے۔

Getty Imagesپشاور میں پیدا ہونے والے آصف آفریدی نے اپنا فرسٹ کلاس کریئر 2009 میں شروع کیا تھا

پشاور میں پیدا ہونے والے آصف آفریدی نے اپنا فرسٹ کلاس کریئر 2009 میں شروع کیا تھا لیکن اس سال تین میچ کھیلنے کے بعد انھیں اگلا فرسٹ کلاس میچ کھیلنے کے لیے چھ برس انتظار کرنا پڑا تھا۔

آصف آفریدی کو اپنے فرسٹ کلاس کریئر کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان کپ کے دوران اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر ستمبر 2022 میں معطل بھی کیا گیا تھا اور تحقیقات کے بعد پی سی بی نے بدعنوانی کے دو الزامات ثابت ہونے پر فروری 2023 میں آصف آفریدی پر دو برس کی پابندی لگانے کا بھی اعلان کیا تھا۔

’ٹیسٹ ٹوئنٹی‘: 80 اوورز کے میچ میں دو، دو اننگز، ’ایک دن کا ٹیسٹ میچ بھی کیسا ٹیسٹ ہو گا‘جنوبی افریقہ کا ’تاج‘ پاکستان کے نشانے پر ہےنعمان علی اور شاہین آفریدی کی شاندار بولنگ، پاکستان نے عالمی ٹیسٹ چیمپیئن جنوبی افریقہ کو 93 رنز سے ہرا دیا’سپن کے راج میں شاہین کی ریورس سوئنگ کمال کر گئی‘

اس وقت اس بارے میں اپنے اعلامیے میں پی سی بی نے کہا تھا کہ آصف آفریدی پر پابندی کے فیصلے تک پہنچنے کے لیے ان کے اعتراف جرم، اظہارِ ندامت اور ماضی کے ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا اور آصف آفریدی کی طرف سے دی گئی اس درخواست پر بھی غور کیا جس میں انھوں نے غیرارادی طور پر قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے معاملے پر ہمدردانہ طور پر غور کرنے کی استدعا کی تھی۔

اس وقت پی سی بی کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا تھا کہ ’پاکستان کرکٹ بورڈ کو ایک بین الاقوامی کرکٹر کو دو سال کے لیے معطل کرنے پر کوئی خوشی نہیں لیکن ہم اس طرح کے جرائم کو بالکل برداشت نہ کرنے کی پالیسی رکھتے ہیں۔‘

آصف آفریدی نے اپنے فرسٹ کلاس کریئر میں 57 میچوں میں 198 وکٹیں حاصل کی ہوئی ہیں۔

2023 کے بعد سے ڈومیسٹک کرکٹ میں ان کی کارکردگی قابلِ ذکر رہی ہے اور جنوبی افریقہ کے خلاف سکواڈ میں آصف آفریدی کی شمولیت کے بعد پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے عبوری کوچ اظہر محمود نے کہا تھا کہ انھوں نے گذشتہ برس ڈومیسٹک سیزن میں 53 جبکہ رواں برس 27 وکٹیں لیں اور ان کے خیال میں مقامی کرکٹ میں 80 وکٹیں لینے والے بولر کو موقع دینا بنتا ہے۔

اظہر محمود کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’عمر صرف ایک ہندسہ ہے اور اہم بات ایک میچ میں 20 وکٹیں لینے کی صلاحیت ہے۔ آصف ایک باصلاحیت باؤلر ہے جس کا مستقبل روشن ہے۔ چاہے وہ ابھی تک بین الاقوامی کرکٹ نہ کھیلے ہوں لیکن انھوں نے خود کو مقامی سطح پر ثابت کیا ہے۔‘

پاکستان کی تاریخکا ’سب سے عظیم‘ کرکٹر کون ہے؟’میجر سرجری‘ کے باوجود پاکستان ایشیا کی پہلی بہترین ٹیم کیوں نہ بن سکا؟افغان کرکٹرز کی مبینہ ہلاکت پر آئی سی سی کی مذمت جسے پاکستان میں ’ہینڈ شیک تنازع‘ کا تسلسل سمجھا جا رہا ہے
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More