پاکستان کے کوچ کی بابر اعظم کی جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی20 سیریز میں شمولیت کی حمایت

اردو نیوز  |  Oct 27, 2025

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ مائیک ہیسن نے ٹی20 سیریز کے لیے ٹیم میں بابر اعظم کی شمولیت کی حمایت کی ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ منگل کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

31 سالہ بابر اعظم کو گزشتہ سال دسمبر کے بعد پہلی بار ٹی20 ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، اس سے قبل مختصر فارمیٹ کی کرکٹ میں ان کے سٹرائیک ریٹ پر خدشات کی وجہ سے ڈراپ کیا گیا تھا۔ لیکن کوچ مائیک ہیسن کا خیال ہے کہ بلے باز کی ٹیم میں واپسی کے لیے یہ موزوں وقت ہے۔

اتوار کو مائیک ہیسن نے کہا کہ ’ہاں، میں یقینی طور پر اس کے انتخاب کی توثیق کرتا ہوں، ہم نے فخر زمان کو اس سیریز کے لیے آرام دیا ہے، اس لیے بابر اعظم کو واپس لانے کا یہ اچھا موقع تھا اور مجھے یقین ہے کہ وہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔‘

اکتوبر 2024 میں سبکدوش ہونے سے پہلے تمام فارمیٹس میں پاکستان کی کپتانی کرنے والے بابر اعظم اپنے کیریئر کے اہم سنگ میل کے قریب ہیں۔ اُن کو انڈیا کے روہت شرما کو ٹی20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کے طور پر پیچھے چھوڑنے کے لیے صرف نو رنز درکار ہیں۔ روہت شرما نے اس وقت 159 میچوں میں 4,231 رنز بنائے ہیں، جبکہ بابر اعظم نے 128 میچوں میں 4،223 رنز بنائے ہیں۔

مائیک ہیسن نے مئی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی بطور کوچ ذمہ داری سنبھالی تھی بابر اعظم کی واپسی کو اگلے سال انڈیا اور سری لنکا میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل ایک سٹریٹجک اقدام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’بابر اعظم کے تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے کا امکان ہے اور یہ ایک ایسا کردار ہے جس کے بارے میں مجھے یقین ہے کہ وہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں گے اور ہمیں ورلڈ کپ میں آنے والے کچھ آپشنز دیں گے۔‘

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More