Getty Images
پاکستان نے ٹرائی نیشن کرکٹ سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا کو سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
سنیچر کے روز راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کی جانب سے دیا جانے والا 129 کا ہدف 16ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ انھوں نے 45 گیندوں پر 80 رنز بنائے۔ اپنی اننگز میں انھوں نے پانچ چھکے اور چھ چوکے لگائے۔
پاکستانی ٹیم کے بارے میں اگر یہ کہا جائے تو غلط نہیں ہو گا کہ آج کے میچ میں گرین شرٹس نے سری لنکن کھلاڑیوں پر میچ کے آغاز سے ہی دباؤ بنائے رکھا۔
میچ کے آغاز میں پاکستانی بولرز کی شاندار بولنگ کی بدولت کوئی بھی سری لنکن کھلاڑی کریز پر جم کر نہیں کھیل سکا۔ پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے تین جبکہ سلمان مرزا، فہیم اشرف اور ابرار احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستانی اوپنرز جب 129 رنز کے ہدف کے تعاقب کے لیے میدان میں اُترے تو صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب کی جانب سے جارحانہ انداز اپنایا تاہم صائم ایوب 18 گیندوں پر چار چوکے لگا کر 20 رنز پر دوسان شانکا کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
صائم ایوب کے آؤٹ ہو جانے کے بعد کریز پر پہلے سے موجود صاحبزادہ فرحان کا ساتھ دینے کے لیے بابر اعظم کریز پر آئے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کی دوسری وکٹ 116 کے مجموعی سکور پر تب گری جب بابر اعظم دسمانتھا چمیرا کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ اُن کے بعد گرین شرٹس کے کپتان سلمان علی آغا بیٹنگ کرنے کے لیے آئے مگر بنا کوئی رن بنائے چمیرا کی انتہائی شاندار بال پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔
اس میچ میں سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ ابتدائی اوورز میں سری لنکن کرکٹ ٹیم کے اوپنرز کام مشرا اور پاتھوم نیسانکا پُراعتماد نظر آئے۔
کامل مشرا نے پاکستان کے لفٹ آرم فاسٹ بولر سلمان مرزا کو خوب جارحانہ انداز میں کھیلا مگر وہ 12 گیندوں پر دو چوکے اور دو چھکے لگانے کے بعد 22 رنز پر فہیم اشرف کی گیند پر فخر زمان کو کیچ تھما بیٹھے۔
کامل مشرا کے آؤٹ ہو جانے کے بعد بیٹنگ کے لیے کوشال مینڈس آئے مگر وہ میچ کے چھٹے اوور میں فہیم اشرف کی گیند پر رن لینے کی کوشش میں محمد وسیم کے ہاتھوں رن آؤٹ ہو گئے۔
نویں اوور کی پہلی بال پر سری لنکا کی ٹیم کو تیسرے نقصان کا سامنا تب کرنا پڑا کہ جب پاتھوم نیسانکا ابرار احمد کی گیند بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انھوں نے 23 گیندوں پر ایک چوکا لگا کر 17 رنز بنائے۔
پاکستان نے سری لنکا کو ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کر دیا’بابر اعظم کی سینچری، کل عام تعطیل کا اعلان ہونا چاہیے‘: پاکستان نے سری لنکا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دیسعد مسعود: انڈین بلے باز کو پویلین کی راہ دکھانے والے کھلاڑی جنھوں نے پاکستان کو ایشیا کپ رائزنگ سٹارز کے فائنل میں پہنچایاکیچ ڈراپ، نو بال اور مِس فیلڈنگ پر چوکا: ’میچ تو پاکستان جیت گیا مگر مقابلہ زمبابوے نے خوب کیا‘
اوپنر پاتھوم نیسانکا کے آؤٹ ہو جانے کے بعد کوشال پیریرا کریز پر آئے جنھوں نے تیز کھیلنے کی کوشش تو کی مگر زیادہ لمبی انگز نہ کھیل سکے اور 19 گیندوں پر دو چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 25 رنز بنائے اور محمد نواز نے انھیں پویلین کی راہ دکھائی۔
کوشال پریرا کے آؤٹ ہونے کے فوراً بعد گیارہویں اوور میں ہی محمد نواز نے دوسان شانکا کو بھی رن بنانے کا موقع نہیں دیا اور صفر پر آؤٹ کر دیا۔
پھر 86 کے مجموعی سکور پر سری لنکا کی چھٹی وکٹ تب گری جب کامینڈو مینڈس کا 14ویں اوور میں محمد نواز کی گیند پر محمد وسیم جونئیر نے باؤنڈری پر شاندار کیچ کیا، کامینڈو نے سات گیندوں کا سامنا کیا اور تین رنز بنائے۔
121 رنز پر پاکستان کو ساتویں کامیابی تب حاصل ہوئی کہ جب وانیندو ہاسارنگا 11 رنز بنا کر سلمان مرزا کی گیند پر صاحبزادہ فرحان کو کیچ دے بیٹھے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والی ٹرائے نیشن سیریز کے اس تیسرے میچ سے متعلق بھی سوشل میڈیا پر پاکستانی کرکٹ فینز پاکستانی بولنگ اور ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کرتے نظر آئے۔
ہارون نامی ایک ایکس یوزر نے سیریز کے تیسرے میچ میں صاحبزادہ فرحان کی شاندار اننگز کی تعریف کی اور لکھا کہ ’صاحبزادہ فرحان ملک کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں۔ ایک سال میں 100 چھکے لگانے والا پہلا پاکستانی کھلاڑی۔ اپنی صلاحیت کے ساتھ ان کا ٹی ٹوئنٹی سٹرائیک ریٹ 150 ہونا چاہیے۔‘
فرید خان نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’پاکستان نے انتہائی اچھی باؤلنگ کی، پاکستانی بولرز نے کسی بھی کھلاڑی کو جم کر کھیلنے کا موقع نہیں گیا۔‘
ایکس صارف عروج جاوید نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے اس تیسرے میچ میں اوپنر پاتھوم نیسانکا کا کیچ لینے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کی تعریف کی اور لکھا کہ ’کیا شاندار کیچ لیا بابر اعظم نے۔‘
پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے تین سری لنکن کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عارف فیروز زکا نامی ایک ایکس یوزر نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’محمد نواز کو انٹرنیشنل کرکٹ کے آغاز سے ہی بطور آل راؤنڈر کبھی مکمل موقع نہیں ملا، لیکن شاید پہلی بار انھیں بولنگ اور بیٹنگ دونوں میں صحیح طرح سے موقع دیا جا رہا ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان کو محمد نواز کی صورت میں ایک مکمل آل راؤنڈر مل گیا۔‘
آج کے میچ کے لیے پاکستان کی جانب سے ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی اور وہ یہ تھی کہ فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو آرام دیا گیا اور اُن کی جگھ محمد وسیم جونیئر کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا۔
واضح رہے کہ ٹرائی نیشن سیریز کے پہلے میچ میں میزبان پاکستان نے زمبابوے کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں زمبابوے نے سری لنکا کو 67 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر سیریز کی پہلی فتح اپنے نام کی تھی۔
’بابر اعظم کی سینچری، کل عام تعطیل کا اعلان ہونا چاہیے‘: پاکستان نے سری لنکا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دیسعد مسعود: انڈین بلے باز کو پویلین کی راہ دکھانے والے کھلاڑی جنھوں نے پاکستان کو ایشیا کپ رائزنگ سٹارز کے فائنل میں پہنچایاکیچ ڈراپ، نو بال اور مِس فیلڈنگ پر چوکا: ’میچ تو پاکستان جیت گیا مگر مقابلہ زمبابوے نے خوب کیا‘پاکستان نے سری لنکا کو ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کر دیا’جب دو طرفہ سیریز جیتنا ہی آپ کے لیے قابلِ فخر ہو‘: شہباز شریف کی ٹویٹ اور انڈین کمنٹیٹر کا ’طنز‘ جس پر پاکستانی خفا ہیں