’جج کا کام اخلاقی نوٹ لکھنا یا درس دینا نہیں‘: نور مقدم قتل کیس میں جسٹس باقر نجفی کے اضافی نوٹ پر سخت ردِعمل

بی بی سی اردو  |  Nov 27, 2025

پاکستان میں سپریم کورٹ کے جج جسٹس علی باقر نجفی نے نور مقدم قتل کیس میں مجرم ظاہر جعفر کی اپیل پر ایک اضافی نوٹ لکھا ہے جس پر خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیوں کی جانب سے سخت ردِعمل سامنے آ رہا ہے۔

سات صفحات پر مشتمل اس اضافی نوٹ میں جسٹس علی باقر نجفی نے اپیل کی سماعت کرنے والے تین رکنی بینچ کے فیصلے کو درست قرار دیا، جس میں مجرم کو نور مقدم کے قتل کے مقدمے میں سزائے موت سنائی گئی تھی تاہم انھوں نے یہ بھی لکھا کہ لڑکے اور لڑکی کا لیونگ ریلیشن شپ نہ صرف معاشرتی بگاڑ ہے بلکہ یہ اسلامی تعلیمات کے بھی منافی ہے۔

جسٹس علی باقر نجفی نے لکھا کہ لیونگ ریلیشن شپ کا تصورمعاشرے کے لیے انتہائی خطرناک ہے اور آج کل کی نوجوان نسل کو اس واقعہ (نور مقدم قتل کا مقدمہ) سے سبق سیکھنا چاہیے۔

نور مقدم قتل کے مقدمے کے مدعی اور نور مقدم کے والد شوکت علی مقدم کے وکیل شاہ خاور کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے جج کے اس اضافی نوٹ سے ان کے موکل کی دل آزاری ہوئی۔

یاد رہے 20 جولائی 2021 کو سابق سفارت کار شوکت مقدم کی بیٹی نور مقدم کو قتل کر دیا گیا تھا اور اسی روز پولیس نے اس مقدمے کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کو گرفتار کیا تھا جنھیں فروری 2022 میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔

یہاں یہ بھی یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے نور مقدم کے قتل کے مقدمے میں مجرم ظاہر جعفر کو قتل کے علاوہ ریپ میں بھی سزائے موت سنائی تھی تاہم جسٹس ہاشم کاکڑ پر مشتمل سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے اپیل کے دوران اسلام آباد ہائی کورٹ کی ریپ کے تحت دی گئی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا جبکہ قتل کی دفعات کے تحت ظاہر جعفر کو دی گئی سزا کو برقرار رکھا تھا۔

سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف نظرثانی کی اپیل ابھی زیر سماعت ہے۔

Getty Imagesظاہر جعفر کو فروری 2022 میں سزائے موت سنائی گئی تھی

بی بی سی سے بات کرتے ہوئےوکیل شاہ خاور نے کہا کہ جب ٹرائل کورٹ سے لے کر سپریم کورٹ تک مجرم ظاہر جعفر کا 342 کے تحت دیا گیا بیان جھوٹ پر مبنی قرار دیا گیا تو پھر سپریم کورٹ کے معزز جج کو مجرم کے اس بیان کا حوالہ دینے کی کیا ضرورت تھی۔

واضح رہے کہ مجرم ظاہر جعفر نے ٹرائل کورٹ میں 342 دیے گئے بیان میںکہا تھا کہ وہ نور مقدم کے ساتھ لیونگ ریلیشن شپ میں تھے۔

شاہ خاور کا کہنا تھا کہ عدالت کسی بھی ملزم کا 342 کے تحت دیا گیا بیان یا تو درست مانتی ہے یا اسے بالکل غلط قرار دیتی ہے۔

نور مقدم قتل کیس: ظاہر جعفرکی سزا کے خلاف اپیل مسترد، ریپ کے جرم میں بھی موت کی سزا سنا دی گئینور مقدم قتل کیس میں ظاہر جعفر کو سزائے موت، مجرم کے والدین اور دیگر ملزم کیوں بری ہوئےنور قتل کیس: ’والدین کو بیٹوں پر اتنی ہی نظر رکھنے کی ضرورت ہے جتنی وہ بیٹیوں پر رکھتے ہیں‘نور مقدم قتل کیس: ملزم کے فون کا جائزہ، سی سی ٹی وی کے فرانزک کے لیے ریمانڈ میں توسیع

شاہ خاور نے کہا کہ اگر عدالت کسی ملزم کے بیان کو درست تسلیم کر لے تو اس کو عدالت کی طرف سے ریلیف ملتا ہے اور اگر کسی بیان کو غلط یا جھوٹ قرار دے دے تو پھر اسے سزا سنائی جاتی ہے جس طرح نور مقدم کے مقدمے میں ظاہر جعفر کو موت کی سزا سنائی گئی۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ اس اضافی نوٹ کے بارے میں چیف جسٹس کو لکھیں گے تو شاہ خاور کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ان کے اپنے موکل کے ساتھ مشاورت کے بعد ہی ہو گا۔

’جج کا کام اخلاقی نوٹ لکھنا یا درس دینا نہیں‘

خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی فرزانہ باری کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے جج نے اپنے اضافی نوٹ میں لیونگ ریلیشن شپ کے بارے میں لکھا اور وہ سب مفروضوں پر مبنی ہے۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کسی بھی جج کا یہ کام نہیں کہ وہ محض مفروضوں کی بنیاد پر اپنی رائے قائم کرے۔

انھوں نے کہا کہ لڑکے اور لڑکی کے درمیان کسی بھی قسم کا تعلق یہ کہیں بھی ظاہر نہیں کرتا کہ دونوں لیونگ ریلیشن شپ میں رہ رہے ہیں۔

BBCوہ گھر جہاں نور مقدم کو قتل کیا گیا تھا

فرزانہ باری کا کہنا تھا کہ اگر اعلی عدلیہ کے کسی جج کی سوچ بھی لڑکے اور لڑکی کے تعلقات کے حوالے سے معاشرے میں پائی جانے والی عام سوچ کی طرح ہی ہو تو پھر وہ کیسے عوام کی اصلاح کے حوالے سے اپنی سوچ مسلط کر سکتے ہیں۔

خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی شمائلہ خان کا کہنا تھا کہ کسی بھی عدالت کو یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ کسی بھی متاثرہ شخص کے بارے میں اس طرح کی بات اپنے فیصلے یا اضافی نوٹ میں لکھے یا مقدمے کی سماعت کے دوران اس طرح کے ریمارکس دیے جائیں۔

انھوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے بھی ایک مقدمے کی سماعت کے دوران سکرٹ کا ذکر کرتے ہوئے خواتین کی بےحرمتی کرنے کی کوشش کی تھی تاہم خواتین کی طرف سے سخت ردعمل آنے کے بعد انھوں نے اپنے الفاظ واپس لے لیے تھے۔

شمائلہ خان کا کہنا تھا کہ جج کا کام اخلاقی نوٹ لکھنا یا درس دینا نہیں بلکہ ان کا کام قانون پر بات کرنا ہے۔

فوجداری مقدمات کی پیروی کرنے والے وکیل بشارت اللہ خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے جج اپنے اضافی نوٹ میں لیونگ ریلیشن شپ کی بات کر رہے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ سپریم کورٹ کے جج بھی مجرم ظاہر جعفر کے اس بیان کو درست مان رہے ہیں کہ نور مقدم مجرم کے ساتھ لیونگ ریلیشن شپ میں تھی تو پھر اس جرم کے تحت مجرم کو جو عمر قید کی سزا سنائی گئی، وہ غلط ہے۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس صورت میں تو یہ مقدمہ ریپ کا نہیں بلکہ باہمی رضامندی کا بنتا ہے۔

بشارت اللہ خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے جج کے اس اضافی نوٹ کو دیکھا جائے تو مجرم کو ضابطہ فوجداری کی دفعہ 376 کے تحت جو عمر قید کی سزا سنائی گئی، وہ قانون کے مطابق نہیں اور مجرم کے خلاف 496 اے کے تحت مقدمہ درج ہونا چاہیے تھا جو کہ ان کے بقول ایک قابل ضمانت جرم ہے۔

نور مقدم قتل کیس: ظاہر جعفرکی سزا کے خلاف اپیل مسترد، ریپ کے جرم میں بھی موت کی سزا سنا دی گئینور مقدم قتل کیس میں ظاہر جعفر کو سزائے موت، مجرم کے والدین اور دیگر ملزم کیوں بری ہوئےنور مقدم قتل کیس: ملزم کے فون کا جائزہ، سی سی ٹی وی کے فرانزک کے لیے ریمانڈ میں توسیعنور قتل کیس: ’والدین کو بیٹوں پر اتنی ہی نظر رکھنے کی ضرورت ہے جتنی وہ بیٹیوں پر رکھتے ہیں‘نور کو سی سی ٹی وی کیمرے میں پناہ لینے کی کوشش کرتے دیکھا جا سکتا ہے: پولیس اہلکار
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More