’وہ ہمارا بھائی ہے‘: ’بہت سے انڈین بولرز سے بہتر‘ مستفیض الرحمان کی پاکستان سپر لیگ میں ’ڈائریکٹ سائننگ‘

بی بی سی اردو  |  Feb 05, 2026

Getty Images

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز لاہور قلندرز نے بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو چھ کروڑ 44 لاکھ روپے میں براہ راست سائن کر لیا ہے۔

مستفیض الرحمان کو سنہ 2016 اور 2018 میں بھی لاہور قلندرز نے اپنے سکواڈ کا حصہ بنایا تھا لیکن انجری کی وجہ سے وہ کھیل نہیں پائے تھے۔

لاہور قلندرز کے مالک ثمین رانا نے مستفیض الرحمان کی شمولیت پر کہا ہے کہ ’وہ ہمارے بھائی اور خاندان کا اہم حصہ ہیں۔ ہم دوبارہ اپنے ڈریسنگ روم میں اُن کا استقبال کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔‘

لاہور قلندرز نے کپتان شاہین شاہ آفریدی، بلے باز عبداللہ شفیق، آل راؤنڈر سکندر رضا اور نوجوان بلے باز محمد نعیم کو (ریٹین) یعنی اپنے سکواڈ میں برقرار رکھا ہے۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل انتظامیہ نے رواں برس سیزن 11 کے نیلامی کے ماڈل میں کئی نئی تبدیلیاں متعارف کروائی تھیں اور انڈین پریمیئر لیگ کی طرز پر پہلی مرتبہ کھلاڑیوں کی نیلامی کا طریقہ کار متعارف کروایا۔

اس نئے آکشن ماڈل کے تحت ہر فرنچائز کو کسی بھی ایسے غیر ملکی کھلاڑی کو براہ راست سائن کرنے کی اجازت دی گئی تھی، جو پی ایس ایل 10 کا حصہ نہیں تھا۔ اس کے ذریعے ٹیموں کو نئے غیر ملکی کھلاڑیوں کو شامل کرنے کے علاوہ اپنے سکواڈز کو مضبوط کرنے کا موقع ملے گا۔

چند روز قبل سیالکوٹ سٹالیئنز نے بھی سٹیو سمتھ کو ’ڈائریکٹ سائننگ‘ کا طریقۂ کار استعمال کرتے ہوئے ٹیم میں شامل کیا۔

یہ وہی مستفیض الرحمان ہیں، جنھیں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے نو کروڑ 20 لاکھ انڈین روپے میں خریدا تھا۔ اس فرنچائز کے مالک بالی وڈ سٹار شاہ رُخ خان ہیں۔

لیکن بنگلہ دیش مخالف جذبات کی وجہ سے انڈیا میں بعض حلقوں نے حکومت پر دباؤ ڈالا تھا کہ مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل میں کھیلنے کی اجازت نہ دی جائے۔

بعض انتہا پسند تنظیموں نے یہاں تک بھی دھمکی دی تھی کہ مستفیض الرحمان کو ایئر پورٹ سے باہر ہی نہیں آنے دیا جائے گا جبکہ بعض نے شاہ رُخ خان پر ’غداری‘ کے الزامات بھی عائد کیے تھے۔

اسی دباؤ میں آ کر مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے ریلیز کر دیا گیا تھا۔ اس فیصلے نے ایک ایسے تنازع کا جنم دیا تھا، جو اب بھی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اس معاملے پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے انڈیا جانے سے انکار کر دیا تھا اور اپنے میچز کسی نیوٹرل مقام پر کھیلنے پر زور دیا تھا۔

’اگر بنگلہ دیش کی جگہ انڈیا مطالبہ کرتا۔۔۔‘ ٹی 20 ورلڈ کپ پر ناصر حسین کا تبصرہ زیرِ بحث’شکریہ پاکستان‘: شہباز شریف کا بیان اور بنگلہ دیش کا ردعمل، کیا انڈیا کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا دفاع ممکن ہے؟انڈیا کے خلاف میچ سے دستبرداری کا پاکستان کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں سفر پر کیا اثر پڑ سکتا ہے؟ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: انڈیا میں کھیلنے سے انکار بنگلہ دیش کو کتنا مہنگا پڑے گا؟

بنگلہ دیشی بورڈ کا موقف تھا کہ انڈیا میں ایک بنگلہ دیشی کھلاڑی کو سکیورٹی نہیں دی جا سکتی تو پوری بنگلہ دیشی ٹیم کی سکیورٹی کا بندوبست کیسے ہو گا۔

لیکن انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سکیورٹی سے متعلق بنگلہ دیش کے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے اُنھیں ورلڈ کپ سے باہر کیا اور سکاٹ لینڈ کو شامل کر لیا تھا۔

یہ وہ وقت تھا، جب پاکستان کی اس معاملے میں انٹری ہوئی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے اسے بنگلہ دیش کے ساتھ زیادتی قرار دیتے ہوئے اپنی بھرپور حمایت کا اعلان کیا تھا۔

بعد ازاں پاکستان کی حکومت نے بھی اعلان کیا کہ وہ ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیم تو سری لنکا بھیجیں گے لیکن 15 فروری کو کولمبو میں انڈیا کے ساتھ شیڈول میچ نہیں کھیلیں گے۔

اسپر اب بھی ڈیڈ لاک برقرار ہے اور پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی اس معاملے پر بات کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

Getty Images’آئی پی ایل کا نقصان پی ایس ایل کا فائدہ‘

لاہور قلندرز کی جانب سے مستفیض الرحمان کو براہ راست سائن کرنے کے معاملے پر سوشل میڈیا پر بھی بات ہو رہی ہے۔

پاکستانی صارفین مستفیض الرحمان کی لاہور قلندرز میں شمولیت پر خوش ہیں تو وہیں انڈین صارفین اس پر تنقید کر رہے ہیں۔

سیج صادق نے مستفیض الرحمان کی شمولیت پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’آئی پی ایل کا نقصان، پی ایس ایل کا فائدہ ہے۔‘

فرید خان نامی صارف لکھتے ہیں لاہور قلندرز نے مستفیض الرحمان کو چھ کروڑ 44 لاکھ روپے میں سائن کیا۔ وہ آئی پی ایل میں بہت سے انڈین بولرز سے بہتر ہیں۔

کاشف فرید نامی صارف لکھتے ہیں کہ مستفیض الرحمان بہترین بولر ہیں، ہم اُنھیں پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔

سلمان لکھتے ہیں کہ تین جنوری کو کے کے آر نے مستفیض الرحمان کو اپنے سکواڈ سے ریلیز کیا، چھ جنوری کو مستفیض الرحمان نے پی ایس ایل کے لیے رجسٹریشن کرائی اور پانچ فروری کو اُنھیں لاہور قلندرز نے چھ کروڑ 44 لاکھ روپے میں سائن کر لیا۔ پی ایس ایل واحد لیگ ہے، جس کے لیے کرکٹ سیاست سے پہلے ہے۔

ارفع فیروز ذکی لکھتے ہیں کہ لاہور قلندرز نے مستفیض الرحمان کو براہ راست سائن کر لیا، یہ مشکل وقت میں بنگلہ دیش کے ساتھ اظہار یکجہتی کی علامت ہے۔

تیجاش نامی صارف نے لکھا کہ مستفیض الرحمان کو لاہور قلندرز نے چھ کروڑ 44 لاکھ روپے میں سائن کیا، وہ آئی پی ایل میں نو کروڑ 20 لاکھ روپے میں سائن کیے گئے تھے اور اب اُنھیں صرف دو کروڑ انڈین روپے ملیں گے۔

مستفیض الرحمان کون ہیں؟

بائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے 30 سالہ بنگلہ دیشی فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کا شمار دنیائے کرکٹ کے مستند بولرز میں ہوتا ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق وہ بنگلہ دیش کی جانب سے 15 ٹیسٹ میچ، 116 ون ڈے اور 126 ٹی 20 میچز کھیل چکے ہیں۔

ٹیسٹ میچز میں اُنھوں نے 31، ون ڈے میں 177 جبکہ ٹی 20 میں 158 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

وہ آئی پی ایل فرنچائز دہلی کیپیٹلز اور چنائی سپر کنگز کی جانب سے بھی کھیل چکے ہیں۔

’اس کے طویل مدتی اثرات ہوں گے‘: ٹی 20 ورلڈ کپ میں انڈیا کے خلاف میچ کے بائیکاٹ پر آئی سی سی کا پاکستان کو پیغامافغان کرکٹرز کی مبینہ ہلاکت پر آئی سی سی کی مذمت جسے پاکستان میں ’ہینڈ شیک تنازع‘ کا تسلسل سمجھا جا رہا ہےعمر گل کے یارکرز، آفریدی اور اجمل کی گھومتی گیندیں،ٹی 20 کرکٹ میں پاکستانی ٹیم کا سنہرا دور اور پھر تنزلی کی کہانیکرکٹ میں ’سیاست اور پیسے کی کہانی‘: ٹی 20 ورلڈ کپ کے بحران میں آئی سی سی بے بس کیوں ہے؟کروڑوں کا کمرشل ٹائم اور اربوں کی سرمایہ کاری: ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور انڈیا کا میچ نہ ہونے سے براڈکاسٹرز پر کیا اثر پڑ سکتا ہے؟
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More