Getty Imagesکابل میں منشیات بحالی مرکز پر فضائی حملے کے بعد اجتماعی نمازِ جنازہ کا منظر
پاکستان اور افغانستان نے عید الفطر کی آمد سے قبل ایک دوسرے کے خلاف جاری آپریشنز میں ’عارضی وقفے‘ کا اعلان کیا ہے۔
بدھ کو پاکستان کے وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ آپریشن میں وقفے کا فیصلہ عید الفطر کی مناسبت سے سعودی عرب، قطر اور ترکی کی درخواست پر کیا گیا ہے اور یہ 18 اور 19 مارچ کی درمیانی شب سے 23 اور 24 مارچ کی درمیانی شب تک نافذ العمل ہوگا۔
تاہم عطا اللہ تارڑ نے خبردار کیا کہ سرحد پار سے کسی حملے یا دہشتگردی کے واقعے کی صورت میں ’فوراً‘ دوبارہ یہ آپریشن شروع کر دیا جائے گا۔
دوسری طرف افغان طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی پاکستان کے خلاف کارروائیوں میں عارضی وقفے کا اعلان کیا ہے۔
ایکس پر پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ 'آپریشن رد الظلم' میں عارضی وقفے کا فیصلہ عید الفطر کی مناسبت سے کیا گیا ہے۔
ان کے مطابق اس حوالے سے سعودی عرب، ترکی اور قطر کی طرف سے درخواستیں کی گئی تھیں۔
ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ طالبان حکومت دوست ممالک کی کوششوں کو سراہتی ہے مگر افغانستان کی قومی سلامتی اور دفاع ایک قومی اور مذہبی فریضہ ہے۔ 'خطرے کی صورت میں امارتِ اسلامی جواب دے گی۔'
اس سے قبل طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اسلام آباد کو کابل میں نشے کے عادی افراد کے بحالی مرکز پر مبینہ فضائی حملے کے بدلے میں ’سخت ردِعمل‘ کی دھمکی دی ہے۔
کابل میں منشیات بحالی مرکز پر فضائی حملہ: ’قیامت کا منظر تھا، میرے دوست آگ میں جل رہے تھے‘اقوامِ متحدہ میں افغانستان کے معاملے پر انڈیا اور پاکستان آمنے سامنے: ’ایسے ملک سے لیکچر کی ضرورت نہیں جو قوانین کی خلاف ورزی کرتا ہو‘عید کے پیغام میں افغان طالبان کے سپریم لیڈر نے پاکستان کا ذکر کیوں نہیں کیا؟باجوڑ میں افغانستان کا مبینہ حملہ: عید کے لیے گھر آنے والے چار بھائی مارٹر گولے سے ہلاک ’والدہ اتنا بڑا غم برداشت کرنے کے قابل نہیں‘منشیات بحالی مرکز پر فضائی حملہ: پاکستانی فوج اور افغان طالبان کیا کہتے ہیں؟
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے سربراہلیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ سوموار کی شام کابل میں ایک ملٹری کیمپ میں موجود ہتھیاروں اور ڈرونز کے ڈپو کو نشانہ بنایا گیا تھا اور وہاں موجود گولہ بارود کے پھٹنے کی وجہ سے دھماکے ہوئے ہیں۔
بدھ کے روز نشر ہونے والے جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹالک میں جب میزبان نے ان سے کابل میں ہونے والے حالیہ حملے اور افغان طالبان کی جانب سے اس میں بڑی تعداد میں شہریوں کی ہلاکت کے دعوے کے متعلق ہوچھا تو ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ کابل میں ایک ملٹری کیمپ ہے، جہاں ہتھیار اور ڈرون ذخیرہ کرنے کے ڈپو بھی موجود ہیں۔ ’ہم نے ان کو ٹارگٹ کیا، اس کی کلپ ابھی بھی موجود ہے۔‘
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ جب بھی ہتھیاروں کے ذخیرے کو نشانہ بنایا جاتا ہے تو اس سے مزید دھماکے ہوتے ہیں۔
’جب وہ گولہ بارودپھٹا تو پورے کابل میں لوگوں نے دیکھا اور وہ شعلے کافی دیر تک جلتے رہے۔‘
ڈی جی آئی ایس پی آر نے دعویٰ کیا کہ اس ڈپو میں گولہ بارود اور ڈرونز کے علاوہ روسی دور کے سکڈ میزائل بھی ذخیرہ کیے گئے تھے۔
انھوں نے سوال کیا کہ کوئی افغان طالبان سے پوچھے کہ انھوں نے ہتھیاروں کے ڈپو کے بیچ میں منشیات بحالی مرکز کیوں بنایا ہوا تھا؟
افغان وزارتِ صحت کے ترجمان شرافت زمان امرخیل پہلے ہی اس دعوے کی تردید کر چکے ہیں۔ انھوں نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ اس مرکز کے قریب کسی قسم کی عسکری تنصیبات نہیں ہیں۔
طالبان حکومت کا دعویٰ ہے کہ بحالی مرکز پر پاکستانی حملے میں 400 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔ طالبان حکام کے مطابق اس مرکز میں تقریباً دو ہزار افراد زیرِ علاج تھے۔
اقوامِ متحدہ کے افغانستان میں اسسٹنس مشن کے ایک اہلکار نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ اس حملے میں کم از کم 143 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
بدھ کو کابل میں مرنے والوں کی اجتماعی نمازِ جنازہ ادا کی گئی جس میں طالبان حکومت کے وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے بھی شرکت کی۔
Anadolu via Getty Images
اقوام متحدہ نے پیر کی شب منشیات بحالی مرکز پر حملے کی فوری، آزاد اور شفاف تحقیقات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ذمہ دار افراد کو قانون کے مطابق جوابدہ ٹھہرایا جانا ضروری ہے۔
دوسری جانب کابل میں کچھ ممالک کے سفیروں سے ملاقات کے بعد طالبان حکومت کے وزیرِ خارجہ امیر متقی نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ حملہ ایک ایسے وقت کیا گیا جب افغانستان چین کی ثالثی میں مسئلے کے حل کے لیے کوششیں کر رہا تھا۔
پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان حالیہ کشیدگی
افغان طالبان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی گذشتہ کئی مہینوں سے جاری ہے۔ لیکن یہ کشیدگی باقاعدہ جنگ میں اس وقت بدلی جب گذشتہ مہینے اسلام آباد کی ایک امام بارگاہ میں خودکش دھماکے کے سبب دو درجن سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔
پاکستان کا دعویٰ ہے کہ کالعدم تنظیم تحریک طالبانِ پاکستان (ٹی ٹی پی) ملک میں حملوں کے لیے افغانستان کی سرزمین استعمال کر رہی ہے اور اسے افغان طالبان کی پشت پناہی حاصل ہے۔
افغان طالبان پاکستان کے اس دعوے کی تردید کرتے رہے ہیں۔
تاہم فروری میں امام بارگاہ پر ہونے والے حملے اور شدت پسندوں کی دیگر کارروائیوں کے بعد پاکستان نے 27 فروری کو افغانستان میں 22 عسکری اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔
Getty Imagesطالبان حکومت کے وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے کابل میں منشیات بحالی مرکز پر فضائی حملے کے بعد اجتماعی نمازِ جنازہ میں شرکت کی
پاکستانی فوج کے ترجمان نے اسی دن افغان طالبان کے ساتھ جھڑپوں میں اپنے 12 سکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔
گذشتہ تقریباً تین ہفتوں میں فریقین ایک دوسرے کا بھاری جانی و مالی نقصان کرنے کے مسلسل دعوے کرتے آئے ہیں۔
پاکستانی فوج کے ترجمان ادارے 'آئی ایس پی آر' کے مطابق 13 مارچ کو افغان طالبان نے چند ڈرونز کے ذریعے راولپنڈی، کوہاٹ اور کوئٹہ میں حملہ کیا، جو اپنے مطلوبہ اہداف تک نہیں پہنچے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان ڈرونز کو 'سافٹ اور ہارڈ کِل' ٹیکنالوجی کے ذریعے روکا گیا۔ تام ان ڈرونز کے ملبے کے نتیجے میں کوئٹہ میں دو بچے جبکہ کوہاٹ اور راولپنڈی میں ایک، ایک شہری زخمی ہوا۔
وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے 15 مارچ کو ایک بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ افغانستان میں کی گئی اب تک کی کارروائیوں میں افغان طالبان کے 684 اہلکار ہلاک اور 912 سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔
ان کا دعویٰ ہے کہ پاکستان نے آپریشن غضب للحق کے دوران افغان طالبان کی 252 چوکیاں تباہ کی ہیں اور 44 پر قبضہ کر لیا ہے۔ پاکستان کے وزیرِ اطلاعات کے مطابق ان کی فوج نے 73 مقامات پر شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے ہیں۔
افغانستان کی جانب سے بھی ایسے دعوے تواتر سے سامنے آئے ہیں اور طالبان حکام کی جانب سے پاکستان کے متعدد مقامات پر ڈرون حملے کرنے کے دعوے کیے جاتے رہے ہیں۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان گذشتہ برس بھی سرحدی جھڑپیں ہوئی تھی، جس کے بعد فریقین نے اکتوبر میں جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا مگر جھڑپوں کا سلسلہ پھر بھی جاری رہا تھا۔
’سرخ لکیر عبور‘: افغان طالبان کے پاکستان کے مختلف شہروں میں ڈرون حملے اسلام آباد کے لیے کیا معنی رکھتے ہیں؟افغان وزارت دفاع کا حمزہ کیمپ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ: ’راولپنڈی میں دو ڈرونز مار گرائے، کوئی نقصان نہیں ہوا،‘ آئی ایس پی آرکیا پاکستان اور افغانستان کے ایک دوسرے پر حملوں کے دوران چین کی ثالثی کی کوششیں کامیاب ہوں گی؟ ’جہادی سفارتکاری‘: عسکریت پسندی کا پسِ منظر رکھنے والی شخصیات پاکستان اور افغانستان میں کشیدگی کم کروا کر سکتی ہیں؟اقوامِ متحدہ میں افغانستان کے معاملے پر انڈیا اور پاکستان آمنے سامنے: ’ایسے ملک سے لیکچر کی ضرورت نہیں جو قوانین کی خلاف ورزی کرتا ہو‘افغان طالبان نے پاکستان کے خلاف حملوں میں کن ڈرونز کا استعمال کیا اور اُن کی صلاحیت کتنی تھی؟