پی ایس ایل 8: پشاور زلمی کو ہرا کے دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز فائنل میں، ’پہلے چار خوفناک سیزن کے بعد گیم میں ایسے واپس آتے ہیں‘

بی بی سی اردو  |  Mar 17, 2023

Getty Images

پاکستان سپر لیگ 8 میں دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو چار وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، جہاں ان کا مقابلہ سنیچر کے روز ملتان سلطانز سے ہو گا۔

لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 8 کے دوسرے ایلیمنیٹر میں پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں ان کی ٹیم نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے۔

پشاور زلمی کو پہلا نقصان دوسرے اوور میں ہوا، جب اوپنر صائم ایوبصرف نو رن بنا کر آؤٹ ہو گئے لیکن پھر کپتان بابراعظم نے محمد حارث کے ساتھ مل کر اپنی ٹیم کے سکور کو 100 تک پہنچا دیا۔

بابر اعظم نے سات چوکوں کی مدد سے 36 گیندوں پر 42 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کا سکور 104 پر پہنچا کر آؤٹ ہو گئے۔

بابر اعظم کے بعد آنے والے بلے باز ٹام کوہلر نے صرف دو گیندوں کا سامنا کیا اور بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

اس دوران محمد حارث نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔ محمد حارث نے بھانوکا راجا پکسا کے ساتھ مل کر ٹیم کے سکورکو 153 رنز تک پہنچا دیا۔

محمد حارث نے گیارہ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 85 رنز کی اننگز کھیلی اور 18 ویں اوور میں کیچ آؤٹ ہوئے۔

پشاور زلمی کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عامر جمال تھے۔ بھانوکا راجاپکسا نے 25 جبکہ حسیب اللہ خان نے پانچ رن بناتے ہوئے مقررہ 20 اوورز کا کھیل مکمل کیا۔

لاہور قلندرز کے زمان خان اور راشد خان نے زلمی کے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی چار اوورز میں 41 رنز دے کر صرف ایک وکٹ ہی حاصل کر پائے۔

جواب میں لاہور قلندرز نے مقررہ ہدف چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

لاہور قلندرز کے اوپنر مرزا طاہر بیگ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 42 گیندوں پر سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے54 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

آخری اوورز میں سکندر رضا 14 گیندوں پر 23 اور شاہین آفریدی چار گیندوں پر 12 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پشاور کی جانب سے عظمت اللہ عمر زئی نے دو جبکہ عامر جمال، وہاب ریاض اور سلمان ارشاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Getty Imagesسوشل میڈیا پر تبصرے: ’چار خوفناک سیزن کے بعد گیم میں ایسے واپس آتے ہیں‘

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی سعید اجمل نے لاہور قلندرز کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ’طاہر بیگ کھیل کو آگے تک لے گئے لیکن مجموعی طور پر یہ ٹیم ورک تھا۔‘

انھوں نے مزید لکھا کہ ’ایسا لگ رہا ہے کہ ہم پی ایس ایل 7 کا ری کیپ دیکھیں گے۔ لیکن اس بار جیتے گا کون؟‘

واضح رہے کہ گذشتہ برس ہونے والی پی ایس ایل 7 میں بھی ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں فائنل میں پہنچی تھیں اور قلندرز نے سلطانز کو 42 سے رنز سے شکست دے کر پہلی بار اس ٹورنامنٹ کو اپنے نام کر لیا تھا۔

https://twitter.com/REALsaeedajmal/status/1636797376806674432

نواز نامی صارف نے لکھا کہ ’لاہور قلندرز چار سال میں مسلسل تیسرا فائنل کھیلے گی۔ آپ پہلے چار خوفناک سیزن کے بعد ایسے گیم میں واپس آتے ہیں۔‘

https://twitter.com/Rnawaz31888/status/1636788579962613760

سعد نامی صارف نے لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’لاہور قلندرز کو بیک ٹو بیک فائنل میں پہنچانے والی ٹیم کی کپتانی کی، ہمیشہ سامنے سے ٹیم کی رہنمائی کی، ہمیشہ اپنے کھلاڑیوں کی پشت پناہی کی، نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی کے لیے ہمیشہ موجود رہے۔ ان کے پاس جو کلاس اور چمک ہے، وہ بہترین ہے۔ شاہین شاہ آفریدی آپ کیا کمال کے آدمی، کپتان اور باؤلر ہیں۔‘

https://twitter.com/CricContent_/status/1636788319081336840

لیکن جہاں لاہور قلندرز کے فائنل میں پہنچنے پر شاہین شاہ آفریدی کی تعریفیں ہو رہی تھیں وہیں بہت سے صارفین زلمی کے کپتان بابر اعظم کے لیے اداس بھی نظر آئے۔

مزمل آصف نامی صارف نے لکھا کہ ’وہ بابر اعظم کے لیے اداس ہیں۔ اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز انھوں نے بنائے لیکن ان کی ٹیم ناک آؤٹ ہو گئی۔‘

شہریار اعجاز نے لکھا کہ ’بابر اعظم کے لیے بحیثیت کپتان اور بلے باز یہ ٹورنامنٹ کمال رہا۔ وہ اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں اور پی ایس ایل کے بدترین باؤلنگ اٹیک کے باوجو ان کی کپتانی میں ان کی ٹیم نے جدوجہد کی۔‘

واضح رہے کہ بابراعظم نے پاکستان سپر لیگ کے رواں سیزن میں مجموعی طور پر 519 رنز بنائے ہیں۔ اس سے قبل محمد رضوان 516 رنز کے ساتھ پی ایس ایل میں سب سے رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں پہلی پوزیشن پر براجمان تھے۔

https://twitter.com/muzamilasif4/status/1636786059219718144

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More