پی ایس ایل 10 کے بقایا میچز کب کھیلے جائیں گے؟

اردو نیوز  |  May 12, 2025

پاکستان اور انڈیا کی جنگ بندی کے بعد پاکستان سپر لیگ 10 (پی ایس ایل) کے بقایا میچز کے متعلق فیصلہ آئندہ دو دنوں میں متوقع ہے۔

پاکستان کے مقامی میڈیا کے مطابق ’پی ایس ایل انتظامیہ نے فرنچائزز سے رابطہ کر کے انہیں پیغام پہنچایا ہے کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان سیز فائر ہوگیا ہے، اس لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کو دبئی میں ہی روک لیا جائے۔‘

رپورٹس کے مطابق فرنچائزز سے مقامی کھلاڑیوں کو بھی ذہنی طور پر تیار رہنے کا کہہ دیا گیا ہے۔

جنگ بندی کے اعلان کے بعد پی ایس ایل انتظامیہ نے کھلاڑیوں، ہوٹلز اور گراؤنڈ سٹاف کو بقیہ میچز مکمل کروانے کے لیے انتظامات کرنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں تاہم انتظامیہ کی جانب سے حتمی طور پر کوئی شیڈول جاری نہیں کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل ٹیموں کے درمیان چار گروپ میچز یعنی کراچی کنگز بمقابلہ پشاور زلمی، لاہور قلندرز بمقابلہ پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ کراچی کنگز اور ملتان سلطان بمقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز باقی ہیں۔

اس کے علاوہ کوالیفائز، ایلیمنیٹر ون، ایلیمنیٹر ٹو اور فائنل میچ بھی کھیلے جانے ہیں۔

اس سے قبل انڈیا پاکستان کی کشیدگی کے باعث نو مئی کو پی ایس ایل غیرمعینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی تھی۔

جمعے کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ ’پاکستان سپر لیگ  کے بقایا آٹھ میچز ملتوی کر دیے گئے ہیں اور پی ایس ایل کو موجودہ حالات کے تناظر میں ملتوی کیا جاتا ہے۔‘

پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل ملتوی کرنے کا فیصلہ وزیراعظم پاکستان کے مشورے سے کیا گیا تھا۔

پریس ریلیز کے مطابق ’یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کے مشورے سے کیا گیا ہے، جنہوں نے انڈیا کی جانب سے بے جا جارحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ قدم اٹھایا، انڈین جارحیت اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ قومی توجہ اور جذبات ہماری مسلح افواج کی دلیرانہ کاوشوں کی جانب مرکوز ہیں جو پاکستان کی خودمختاری کا بھرپور دفاع کر رہی ہیں۔‘

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More