مجھے اور میرے ماں باپ کو بد دُعائیں دیتے ہیں اور ۔۔ ڈرامہ تیرے بن میں کام کرنے کے بعد سبینہ فاروق پر سوشل میڈیا صارفین غصے میں کیوں بھڑک اٹھے؟

ہماری ویب  |  Mar 22, 2023

پاکستان میں آئے روز نئے باصلاحیت اداکار سامنے آرہے ہیں جن میں اُبھرتی ہوئی اداکارہ سبینہ فاروق بھی شامل ہیں۔ سبینہ فاروق اس وقت نجی چینل کے ڈرامے تیرے بن میں اداکاری کے جوہر دکھا رہی ہیں جس میں وہ منفی کردار نبھا رہی ہیں۔

ہماری ویب ڈاٹ کام کے شوبز آرٹیکل میں آپ کو سبینہ فاروق کی زندگی میں آنے والی مشکلات سے متعلق بتائیں گے۔

سبینہ نے حال ہی میں بی بی سی اردو کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے اپنے ڈرامے میں نبھانے والےمنفی کردار پر لوگوں کی طرف سے آنے والے نفرت انگیز تبصروں پر بات کی۔

اداکارہ کہتی ہیں کہ ڈرامہ تیرے بن میں اُنہیں اپنے کردار حیا کے لیے پاکستانی مداحوں کی طرف سے بہت نفرت کا سامنا ہے لیکن وہ حیا کے ڈائیلاگز پر بننے والی میمز کو بہت لطف اندوز ہوتی ہیں۔

سبینہ فاروق نے بتایا کہ میں نے جب اس ڈرامے کا اسکرپٹ پڑھا تو مجھے اسی چیز کا ڈر تھا کیونکہ ظاہر ہے میرا ایک متنازع کردار بن سکتا تھا

سبینہ نے بتایا کہ انھوں نے دوبارہ اسکرپٹ منگوا کر پڑھا تو حیا کا کردار اور اُس کی بے باکی اور صاف گوئی اُنھیں اچھی لگی۔ حیا کے کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے سبینہ کا کہنا تھا کہ وہ پیار کیا تو ڈرنا کیا والی انسان بنی ہیں۔ وہ سب کے سامنے کھلے عام بولتی ہے کہ میں پیار کرتی ہوں اُس لڑکے سے، کیا مسئلہ ہے۔

مجھے اور میرے ماں باپ کو بد دُعائیں دیتے ہیں

انہوں نے بتایا کہ اس کردار پر مجھے اور میرے والدین کو برا بھلا کہا جاتا ہے جو مجھے تکلیف دیتا ہے۔

ڈرامہ سیریل تیرے بن کے مداحوں سے ملنے والے پیغامات کو لے کر سبینہ کافی دلبرداشتہ بھی نظر آئیں اور اس بات کا اظہار انہوں نے حال ہی میں اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں بھی کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں لوگ اداکار اور کردار میں تفریق نہیں کر پاتے۔

اگر کردار کو بُرا کہیں تو سمجھ میں بھی آتی ہے۔ پیغامات میں گندی باتیں کہہ دیتے ہیں، آپ کی ذاتیات پر حملہ کرتے ہیں۔ مجھے اور میرے ماں باپ کو بد دُعائیں دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اللہ پر چھوڑ دیتی ہوں اور میں اُس کو ذاتی طور پر اتنی سنجیدگی سے نہیں لیتی ہوں۔ میری ذہنی صحت پر اثر نہیں پڑتا۔

ان منفی پیغامات پر مزید بات کرتے ہوئے انھوں نے جواز بھی پیش کیا کہ ’شروع میں مجھے بالکل نفرت نہیں ملی، صرف پیار ملا۔ اب شاید اس لیے زیادہ ہو گیا کہ بس جہاں پر اِس لیول کی کیمسٹری ہے اُن دونوں (میرب اور مُرتسم) کے بیچ اور چونکہ اُن کے لیے بہت پیار ہے تو میرے لیے نفرت آرہی ہے اب۔‘

بی بی سی ارود کے مطابق ڈرامہ سیریل تیرے بن صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ برطانیہ، امریکہ، کینیڈا اور بنگلہ دیش میں بھی شوق سے دیکھا جا رہا ہے جہاں سے ملنے والے مثبت پیغامات پر سیبنہ بے حد مشکور نظر آئیں۔

انھوں نے خصوصی طور پر پڑوسی ملک انڈیا سے آنے والے میسجز کا ذکر کیا جہاں یہ ڈرامہ پاکستان کی طرح ہر ہفتے ٹرینڈ کرتا ہے۔

جو تعریف مجھے وہاں سے آ رہی ہے، میں حیران ہوں کہ پاکستان سے وہ ردعمل نہیں آ رہا۔ وہ ایک پڑوسی ملک سے آرہا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ میں کہنا نہیں چاہتی لیکن مجھے کہنا پڑے گا کیونکہ میں ایک ایماندارانہ جواب دینا چاہتی ہوں۔ انڈیا سے مجھے نہیں یاد کہ کوئی بُرا میسیج آیا ہو، کبھی بھی نہیں۔

خیال رہے اداکارہ سبینہ نے اپنے ڈرامائی کیرئیر کا آغاز سنہ 2016 سے کیا تھا۔

مزید خبریں

تازہ ترین خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More