بجلی چوری: سمارٹ میٹرز کی تنصیب اور کرپٹ افسران کے خلاف کارروائی کی منظوری

اردو نیوز  |  Mar 29, 2024

وفاقی حکومت نے بجلی چوری روکنے کی پالیسی، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جدید بنیادوں پر تشکیلِ نو، بجلی چوری کے مکمل خاتمے کے لیے سمارٹ میٹرز کی تنصیب اور کرپٹ افسران کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات پر وفاق اور صوبائی حکومتوں کے درمیان معاہدوں کی منظوری دے دی ہے۔ 

جمعہ کو وزیراعظم آفس سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِصدارت غیرقانونی سرگرمیوں کے دائرے کے خلاف اقدامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی کابینہ کے ارکان، چیف آف دی آرمی سٹاف، وزرائے اعلٰی اور اعلٰی حکام نے شرکت کی۔اس اجلاس کا ایجنڈا جرائم پیشہ مافیا اور غیرقانونی سرگرمیوں کے خلاف اقدامات تھے۔ اجلاس کے شرکا کو جرائم پیشہ مافیا، سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، منی لانڈرنگ، بجلی چوری اور غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کی وطن واپسی کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ شرکا نے ان اقدامات کے پاکستان کے عوام کی بہتری، اقتصادی اور فلاحی خوش حالی کے حوالے سے ان اقدامات کے مثبت اثرات کو سراہا۔ اجلاس کے شرکا نے سمگلروں، ذخیرہ اندوزوں اور مارکیٹ کے اجارہ داروں کے خلاف کارروائی کے عزم کا اعادہ کیا جس سے عام شہریوں کو فوری ریلیف کی فراہمی اور معاشی بہتری حاصل ہو سکے۔چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے اجلاس کو پاکستان آرمی کی جانب سے معیشت کی بحالی کے حکومتی اقدامات کے سلسلے میں بھرپور معاونت کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس کے اختتام پر وزیراعظم نے فریقین کو ہدایت کی کہ وہ غیر ؤقانونی سرگرمیوں اور جرائم پیشہ مافیا کو مقررہ مدت کے اندر سزائیں یقینی بنانے کے لیے مختلف اقدامات بھرپور انداز میں اٹھائیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More