غزہ میں اسرائیلی بربریت کے خلاف امریکا بھر میں مظاہرے،ٹریفک کی آمد ورفت معطل رہی

اے پی پی  |  Apr 16, 2024

واشنگٹن۔16اپریل (اے پی پی):امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر سان فرانسسکو میں فلسطین کے حامی مظاہرین نے گولڈن گیٹ پل کو بلاک کردیا جس کی وجہ سے گھنٹوں تک ٹریفک کی آمدورفت معطل رہی۔ اے ایف پی کے مطابق گزشتہ روز سان فرانسسکو میں لوگوں نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہرہ کیا اور شہر کے معروف پل (گولڈن گیٹ برج ) کو بلاک کردیا جس کی وجہ سے کئی گھنٹوں تک ٹریفک معطل رہی، فضائی فوٹیج میں پل پر ایک سمت جمی ہوئی ٹریفک کو دکھایا گیا ہے جبکہ دوسری سمت میں سڑکیں خالی اور وہاں پولیس موجود تھی۔

اسی طرح کے مظاہرے پورے امریکا اور دنیا بھر میں کیے گئے۔ گروپ اے 15 ایکشن کی جانب سے فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے “ملٹی سٹی ناکہ بندی” مربوط کرنے کا مطالبہ کرنے کے بعد اس نے اپنی ویب سائٹ پر کہا کہ ہم ہر شہر میں زیادہ اہم اقتصادی پوائنٹس کی نشاندہی اور ان کی ناکہ بندی کریں گے۔ مظاہرین نے گزشتہ روز فلاڈیلفیا میں سڑکیں اور شکاگو کے اوہیئر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی طرف جانے والی ہائی وے ٹریفک کو بند کر دیا جس سے کچھ مسافر اپنی پروازیں پکڑنے کے لیے پیدل جانے پر مجبور ہوگئے۔

ادھر، کینیڈا، اٹلی، جنوبی کوریا، کولمبیا اور بلجیئم میں بھی مظاہروں کی منصوبہ بندی کی گئی تھی جبکہ اے 15 کے ایکس اکاؤنٹ نے یونان، سپین اور آسٹریلیا میں مظاہروں کی تصاویر پوسٹ کیں۔ایک اور احتجاج میں، لاس اینجلس میں، چند سو لوگوں نے شہر کے نیچے ایک بینر کے پیچھے مارچ کیا جس پر لکھا تھا کہ غزہ کا محاصرہ اب ختم کرو، اسرائیل کو امریکی امداد بند کرو۔

ریاستہائے متحدہ میں دیگر مظاہرے کنیکٹی کٹ میں ہوئے جہاں مظاہرین نے ایرو سپیس بنانے والی کمپنی تک رسائی روک دی اوریگون میں ایک ہائی وے کو بند کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ احتجاج ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب امریکی صدر جو بائیڈن کو اپنی ہی پارٹی کے اندر سے اسرائیل کی حمایت جاری رکھنے پر مسلسل تنقید کا سامنا ہے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں اب تک کم از کم 33,797 افراد شہید ہو چکے جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More