یوکرین نے روس کے خلاف طویل فاصلے تک مار کرنے والے امریکی ساختہ بیلسٹک میزائلوں کا استعمال شروع کر دیا ہے، امریکی حکام کی تصدیق

اے پی پی  |  Apr 25, 2024

واشنگٹن ۔25اپریل (اے پی پی):امریکی حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ یوکرین نے امریکا کی طرف سے خفیہ طور پر فراہم کیے گئے طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں کاروس کے خلاف استعمال شروع کر دیا ہے۔بی بی سی کے مطابق یہ ہتھیار 300 ملین ڈالر کےاس امدادی پیکج کا حصہ تھے جسے مارچ میں امریکی صدر جو بائیڈن نے منظور کیا تھا اور وہ اس ماہ یوکرین پہنچے تھے۔

کریمیا میں روسی اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے انہیں پہلے ہی کم از کم ایک بار استعمال کیا جا چکا ہے۔امریکا نے پہلے یوکرین کو آرمی ٹیکٹیکل میزائل سسٹمز (اے ٹی اے سی ایم ایس ) درمیانی فاصلے کے ورژن کے ساتھ فراہم کیا تھا تاہم امریکی صدر جو بائیڈن نے فروری میں خفیہ طور پر طویل فاصلے تک مار کرنے والے نظام کو یوکرین کو فراہم کرنے کی اجازت دی تھی ۔ یہ نظام 300 کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا کہ میں اس بات کی تصدیق کر سکتا ہوں کہ صدر جو بائیڈ ن کی براہ راست ہدایت پر یوکرین کو طویل فاصلے تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھنے والا ’اے ٹی اے سی ایم ایس ‘ سسٹم فراہم کیا۔

رپورٹ میں ایک امریکی اہلکار کے مطابق طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کا استعمال گزشتہ ہفتے پہلی بار کریمیا میں ایک روسی ہوائی اڈے کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا۔ اس کے علاوہ ساحلی شہر برڈیانسک میں روسی فوجیوں پر حملے میں بھی نئے میزائلوں کا استعمال بھی کیا گیا۔یوکرینی افواج کو حالیہ مہینوں میں گولہ بارود اور فضائی دفاعی نظام کی کمی کا سامنا ہے اور یوکرینی حکام نے یوکرین کوحالیہ عرصے کے دورا ن ہونےوالے جانی و مادی نقصان کا ذمہ دار امریکا اور دیگر مغربی اتحادیوں کی طرف سے فوجی امداد میں تاخیر کو قرار دیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More