عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، جو امریکہ اور چین کے درمیان حالیہ تجارتی معاہدے کے بعد سامنے آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی خام تیل کی قیمت میں 3.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد یہ 63.24 ڈالر فی بیرل کی سطح پر پہنچ گئی۔ اسی طرح برینٹ کروڈ آئل کی قیمت بھی 3.4 فیصد اضافے کے ساتھ 66.11 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق، امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی تعلقات میں بہتری نے عالمی منڈی میں اعتماد کو بحال کیا ہے، جس کے اثرات خام تیل کی قیمتوں پر بھی نمایاں ہوئے ہیں۔ امریکی وزیر خزانہ کے مطابق، نئی تجارتی شرائط کے تحت بعض مصنوعات پر ٹیرف 115 فیصد تک بڑھا دیا گیا ہے، جبکہ چین سے درآمد ہونے والی کئی اشیاء پر 10 فیصد ڈیوٹی بدستور برقرار رہے گی۔
دوسری جانب، پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بھی اس پیش رفت کے مثبت اثرات دیکھے گئے، جہاں تیزی نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔