پی ایس ایل 10: اسلام آباد یونائیٹڈ کو 95 رنز سے شکست، لاہور قلندرز فائنل میں

اردو نیوز  |  May 25, 2025

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10 ویں ایڈیشن کے دوسرے کوالیفائر میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 95 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

جمعے کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں 203 رنز کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ لائن تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی اور پوری ٹیم 16 ویں اوور میں 107 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

سلمان علی آغا 33 اور شاداب خان 26 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ قلندرز کی جانب سے سلمان مرزا اور رشاد حسین نے تین تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے بھی عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین وکٹیں اپنے نام کیں۔

25 مئی اتوار کو فائنل میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مدمقابل ہوں گے۔

لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے تھے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے کوشل پریرا نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 35 گیندوں پر 61 رنز بنائے۔ وہ ٹیمل ملز کی بال پر بولڈ ہوئے۔

اوپنر محمد نعیم نے 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 25 بالز پر 50 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ وہ عماد وسیم کی گیند پر وکٹ کیپر صاحبزادہ فرحان کے ہاتھوں سٹمپ ہو گئے۔

اسلام آباد کی جانب سے  ٹیمل ملز نے تین اور سلمان ارشاد نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ 21 مئی کو کھیلے گئے پہلے کوالیفائر میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 30 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

جبکہ جمعرات کو ایلیمنیٹر میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔

اس میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں:

لاہور قلندرز: فخر زمان، محمد نعیم، عبداللہ شفیق، کوشل پریرا، بھنوکا راجا پکشے، آصف علی، شکیب الحسن، شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، حارث رؤف، رشاد حسین، سلمان مرزا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ: صاحبزادہ فرحان، حیدر علی، راسی وین ڈر دوسن، سلمان آغا، شاداب خان (کپتان)، جیمز نیشم، عماد وسیم، ٹیمل ملز، نسیم شاہ، محمد شہزاد، سلمان ارشاد۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More