باپ بھی اپنے بچوں کی یاد میں روز مرتا ہے۔۔ جاوید شیخ اور مومل شیخ نے طلاق کے مرد پر اثرات بیان کر دیے

ہماری ویب  |  May 31, 2025

"جب رشتہ ٹوٹتا ہے تو عورت کو سب سے زیادہ سہنا پڑتا ہے۔ مرد گھر سے باہر نکل جاتا ہے، کام اور دوستوں میں کھو جاتا ہے۔ لیکن عورت، وہ تنہا گھر سنبھالتی ہے، بچوں کی پرورش کرتی ہے، اور جذبات کا بوجھ بھی اسی پر آتا ہے۔" جاوید شیخ

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے باوقار اور سینئر اداکار جاوید شیخ نے اپنی بیٹی مومل شیخ کے ساتھ ایک ٹی وی شو میں پہلی بار ذاتی زندگی کے ان کٹھن لمحات کا پردہ چاک کیا جو ان کی طلاق کے بعد ان کے خاندان نے جھیلے۔

شو میں اس باپ بیٹی نے نہ صرف علیحدگی کے بعد کے جذباتی طوفان کو بیان کیا بلکہ اس کا بچوں پر پڑنے والے دیرپا اثرات پر بھی کھل کر بات کی۔

جاوید شیخ نے نہایت سچائی سے اعتراف کیا کہ طلاق کا سب سے بڑا زخم عورت اور بچے سہتے ہیں، جبکہ مرد اکثر خود کو مصروفیات میں چھپا لیتے ہیں۔ لیکن یہی درد مومل نے ایک الگ زاویے سے بیان کیا۔

"ہم ہمیشہ ماں کے دکھ کو مانتے ہیں، مگر باپ کے سناٹے کو کون سنتا ہے؟ وہ بھی تو روز اپنے بچوں کے بغیر مرتا ہے۔" مومل شیخ

مومل نے بتایا کہ کس طرح طلاق کے بعد معاشرہ صرف عورت کے احساسات کا ذکر کرتا ہے، جبکہ باپ کا دکھ کسی گوشے میں دفن ہو جاتا ہے۔ ان کے مطابق باپ بھی اپنے بچوں کے لیے ترستا ہے، مگر اس کی خاموشی کو جذبات نہیں سمجھا جاتا۔

وقت گزرنے کے ساتھ دونوں نے اپنے بکھرے رشتوں کو پھر سے جوڑنے کی کوشش کی۔ مومل کی شادی کے موقع پر جاوید شیخ ایک بار پھر اُس گھر کا حصہ بنے جس سے برسوں پہلے دور ہو چکے تھے۔ یہ لمحہ صرف ملاقات کا نہیں تھا، بلکہ ایک بکھرے خاندان کے دوبارہ قریب آنے کا آغاز بھی تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More