پاکستان کی دوسری سب سے بلند چوٹی نانگا پربت سر کرنے کی کوشش کے دوران چیک ری پبلک سے تعلق رکھنے والی غیرملکی خاتون کوہ پیما ایک حادثے میں ہلاک ہو گئیں۔یہ حادثہ کیمپ ون اور کیمپ ٹو کے درمیان پیش آیا۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع خاتون کی ساتھی کوہ پیما نے دی۔
انہوں نے بیس کیمپ پہنچ کر بتایا کہ ’یہ واقعہ گذشتہ رات تقریباً چار بجے بونر نالہ بیس کیمپ کے قریب پیش آیا، جہاں خاتون کوہ پیما لاوشاوا کلارا آکسیجن گیس سلنڈر پھٹنے سے حادثے کا شکار ہو گئیں۔‘
پولیس اور ہائی پورٹرز کی ایک اضافی ٹیم فوری طور پر بیس کیمپ روانہ کر دی گئی ہے جبکہ حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں۔مزید تفصیلات کے مطابق غیرملکی کوہ پیما 16 جون کو بونر بیس کیمپ کی جانب روانہ ہوئی تھیں اور 17 جون کو اپنی ٹیم کے ہمراہ وہاں پہنچ گئی تھیں۔نانگا پربت دنیا کا نواں سب سے بڑا پہاڑ ہے اور پاکستان کی دوسری بلند ترین چوٹی بھی ہے۔ یہ پہاڑ ہمالیہ سلسلے میں واقع ہے اور اس کی اونچائی 8126 میٹر ہے۔