پاکستان کی جانب سے ٹرمپ کی نوبیل کے لیے نامزدگی، ’امریکی عوام کی فتح‘

اردو نیوز  |  Jul 08, 2025

وائٹ ہاؤس نے پاکستان کی جانب سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل انعام کے لیے نامزدگی کو امریکی عوام کی ’فتح‘ قرار دیا ہے۔

عرب نیوز کے مطابق پیر کو وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’صرف چند ہفتے کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی امریکی عوام کو اتنی فتوحات دیں جتنی زیادہ تر صدور چار سال میں بھی نہ دے سکے تھے۔‘

انہوں نے اس فہرست میں ایک اور اضافے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان نے بھی صدر ٹرمپ کو نوبیل انعام کے لیے نامزد کر دیا ہے جو کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان جوہری جنگ کو روکنے کے لیے سفارتی مداخلت کے اعتراف کے طور پر کیا گیا ہے۔‘

پچھلے مہینے پاکستان کی جانب سے کہا گیا تھا کہ صدر ٹرمپ کے لیے نوبیل انعام کی سفارش کی جائے گی اور اس کے رہنما بارہا انڈیا کے ساتھ جنگ کے دوران صدر ٹرمپ کے کردار کی تعریف کر چکے ہیں۔

مئی میں انڈیا اور پاکستان کے ایک دوسرے پر حملوں کے دوران اچانک صدر ٹرمپ نے دونوں کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کیا تھا، جس کی بدولت چار روز سے جاری فضائی جنگ رک گئی تھی۔

اس کے بعد سے صدر ٹرمپ کئی بار کہہ چکے ہیں کہ انہوں نے اپنی حکمت عملی کی وجہ سے ایک جوہری جنگ کو ٹال دیا تھا، جس کی وجہ سے لاکھوں کی تعداد میں لوگوں کی جانیں بچیں۔

 جبکہ ایسا گلہ بھی ان کی جانب سے سامنے آ چکا ہے کہ اس بات کا انہیں کریڈٹ نہیں ملا۔

پاکستان اس امر پر اتفاق کرتا ہے کہ امریکہ کی سفارتی مداخلت سے جنگ بند ہوئی تاہم دوسری جانب انڈیا کا کہنا ہے کہ اصل میں جنگ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان باہمی معاہدے کے بعد بند ہوئی تھی۔

صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انہوں نے پاکستان اور انڈیا کی جنگ رکوا کر لاکھوں لوگوں کی جان بچائی (فائل فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان نے 21 جون کو اعلان کیا تھا کہ ٹرمپ کو ’ایک حقیقی امن ساز‘کے طور پر نامزد کر رہا ہے اور انہوں نے دور اندیشی اور شاندار حکمت عملی کا مظاہرہ کیا۔

صدر ٹرمپ بھی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں ایسے تنازعات کی لمبی فہرست شیئر کر چکے ہیں جن کے بارے میں ان کا دعویٰ کہ انہوں نے ان کو حل کیا۔

ان میں پاکستان اور انڈیا کا تصادم بھی شامل تھا جبکہ ان کے پہلے دور میں ہونے والے ابراہم اکارڈز کا بھی ذکر تھا جو اسرائیل اور مسلم اکثریتی ممالک کے درمیان کرایا گیا تھا۔

انہوں نے مزید لکھا تھا کہ ’مجھے نوبیل پرائز نہیں ملے گا چاہے میں جو بھی کر لوں۔’

پاکستان کی جانب سے صدر ٹرمپ کی نامزدگی اسی ہفتے میں سامنے آئی جب فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکہ میں صدر ٹرمپ سے ملاقات کی تھی۔

یہ پہلی بار تھا کہ کسی سول حکومت کے دور میں کسی پاکستانی فوج کے سربراہ کو وائٹ ہاؤس میں دعوت دی گئی ہو۔

اسی طرح پیر کو اسرائیل نے بھی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل پرائز کے لیے نامزد کرنے کا اعلان کیا تھا اور ملاقات کے دوران اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے ان کو نامزدگی کی دستاویز بھی پیش کی۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More