ریت اور مٹی کے طوفان 33 کروڑ افراد کو متاثر کر رہے ہیں: عالمی موسمیاتی تنظیم

اردو نیوز  |  Jul 12, 2025

اقوام متحدہ کی عالمی موسمیاتی تنظیم نے کہا ہے کہ ریت اور مٹی کے طوفان 150 سے زائد ممالک میں تقریباً 33 کروڑ افراد کو متاثر کر رہے ہیں اور صحت، معیشتوں اور ماحولیات کے حوالے سے نقصانات کو بڑھا رہے ہیں۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق تنظیم کی اقوام متحدہ کی نمائندہ لورا پیٹرسن نے جنرل اسمبلی کو بتایا کہ ہر برس تقریباً دو ارب ٹن دھول خارج ہوتی ہے، جو 300 اہرام مصر کے برابر ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی 80 فیصد سے زیادہ دھول شمالی افریقہ اور مشرق وسطیٰ کے صحراؤں سے آتی ہے، لیکن اس کا عالمی سطح پر اثر پڑتا ہے کیونکہ یہ ذرات براعظموں اور سمندروں میں سینکڑوں اور یہاں تک کہ ہزاروں کلومیٹر کا سفر کر سکتے ہیں۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے سنیچر کو ریت اور دھول کے طوفانوں سے نمٹنے کا عالمی دن منایا ہے۔

اسمبلی کے صدر فلیمون یانگ نے کہا کہ طوفان ’تیزی سے ہمارے دور کے سب سے زیادہ نظر انداز ہونے والے لیکن دور رس عالمی چیلنجوں میں سے ایک بن رہے ہیں۔‘

انڈر سیکریٹری جنرل رولا دشتی، جو اقوام متحدہ کے اقتصادی اور سماجی کمیشن برائے مغربی ایشیا کی سربراہ بھی ہیں، نے اسمبلی کو بتایا کہ طوفان کے سبب ہونے والے معاشی اخراجات ’حیران کن‘ ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں دھول اور ریت کے طوفانوں سے نمٹنے کی سالانہ لاگت 150 ارب ڈالر ہے جو کہ جی ڈی پی کا تقریباً 2.5 فیصد ہے۔

انہوں نے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ ریت اور مٹی کے طوفانوں کو عالمی اور قومی ایجنڈوں میں شامل کریں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More