پاکستان میں شدید بارشیں، ہلاکتوں کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی

اردو نیوز  |  Jul 13, 2025

پاکستان میں 26 جون سے ہونے والی شدید بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 104 تک پہنچ چکی ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق بارشوں کی وجہ سے سب سے زیادہ 39 ہلاکتیں پنجاب میں ہوئی ہیں جبکہ خیبرپختونخوا میں 31، سندھ میں 17، بلوچستان میں 16 اور پاکستان زیرِانتظام کشمیر میں ایک شخص ہلاک ہوا۔

این ڈی ایم اے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مرنے والوں کی مجموعی تعداد میں 104ہے جن میں 49 بچے، 37 مرد اور 18 خواتین شامل ہیں۔

بارشوں کے نتیجے میں مختلف واقعات میں 200 افراد زخمی ہوئے جن میں 76 بچے، 78 مرد اور 46 خواتین شامل ہیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ 26 جون سے ملک بھر میں بارشوں سے متعلقہ واقعات کی وجہ سے 413 مکانات کو نقصان پہنچا۔ سب سے زیادہ کے پی میں 146، سندھ میں 86، پنجاب میں 54، بلوچستان میں 52، پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں 45 اور گلگت بلتستان میں 300مکانات متاثر ہوئے۔

بارشوں کے باعث سندھ میں 58 مویشی ہلاک ہوئے جو کہ سب سے بڑی تعداد ہے۔ دوسرے نمبر پر خیبرپختونخوا میں 43، پنجاب میں سات جبکہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں تین مویشی ہلاک ہوئے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مون سون کا نیا سسٹم 13 جولائی سے ملک میں داخل ہو رہا ہے جو 17 جولائی تک مختلف علاقوں میں بارش برسائے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 11 سے 17 جولائی تک بالائی و وسطی پنجاب اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے بارش جبکہ بعض مقامات پر شدید موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ 

سندھ کے بالائی علاقوں سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد اور کراچی میں 15 سے 17 جولائی کے دوران بارش متوقع ہے جبکہ بلوچستان اور گلگت بلتستان میں 13 سے 16 جولائی تک بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More