انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اولمپکس کے لیے ’ریجنل کوالیفائنگ فارمولہ‘ یعنی خطوں کی بنیاد پر کوالیفائنگ نظام اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق اس فیصلے کے بعد ٹیم جی بی (برطانیہ) کو لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں مینز ٹی20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں براہ راست شرکت کی ضمانت مل گئی ہے، تاہم پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ایونٹ میں شرکت پر سوالیہ نشان ہے۔
ریجنل کوالیفائنگ فارمولے کے تحت رسائی کا فیصلہ سنگاپور میں آئی سی سی کے سالانہ اجلاس کے بعد کیا گیا جس کے مطابق ایشیا، اوشیانا، یورپ، افریقہ اور امریکہ کے ریجنز سے سرفہرست ٹیم کو براہ راست کوالیفائی کرنے کی اجازت دی جائے گی جبکہ امریکہ میزبان ہونے کے ناتے اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرے گا۔
رپورٹ کے مطابق اس فیصلے سے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے کرکٹ بورڈز میں شدید ناراضی پائی جاتی ہے کیونکہ دونوں ممالک کی ایونٹ میں رسائی مشکوک ہے۔
موجودہ درجہ بندی میں اپنے اپنے ریجنز میں پہلے نمبر پر ہونے کی وجہ سے ایشیا ریجن سے انڈیا، اوشیانا سے آسٹریلیا، افریقہ سے جنوبی افریقہ اور یورپ سے برطانیہ کی ٹیموں کو منتخب کیا گیا ہے۔
امریکہ کو براہ راست کوالیفیکیشن دیے جانے پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کیونکہ وہ ٹی20 کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں سترہویں نمبر پر ہے۔ نیوزی لینڈ اس وقت عالمی درجہ بندی میں چوتھے نمبر پر ہے، لیکن آسٹریلیا کے دوسرے نمبر پر ہونے کی وجہ سے وہ اولمپکس میں کوالیفائی نہیں کر پائے گا۔
اولمپکس 2028 کا انعقاد امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں ہو گا (فائل فوٹو: اے پی)
آئی سی سی کے فیصلے سے ویسٹ انڈیز بھی متاثر ہو سکتا ہے۔
ویمن کرکٹ میں کوالیفیکیشن کا طریقہ کار آئندہ سال ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کی بنیاد پر طے ہو گا جو انگلینڈ کی میزبانی میں ہوگا۔ اس بنا پر ٹیم جی بی کی ویمن ٹیم بھی کوالیفائی کرنے کی مضبوط امیدوار ہو گی۔
یاد رہے کہ سنہ 1900 کے بعد کرکٹ پہلی مرتبہ اولمپکس کا حصہ بننے جا رہی ہے۔ اولمپکس 2028 کے مقابلے امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر پومونا میں منعقد ہوں گے جو لاس اینجلس سے 30 میل مشرق میں واقع ہے۔
آئی سی سی کی کوشش ہے کہ سنہ برسبین اولمپکس 2032 میں ٹیموں کی تعداد بڑھائی جائے اور اگر اںڈیا سنہ 2036 کے اولمپکس کی میزبانی حاصل کرنے میں کامیاب رہا تو اس سلسلے میں مزید پیش رفت ممکن ہے۔