پہلا ون ڈے: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

اردو نیوز  |  Aug 10, 2025

پاکستان نے تین میچوں پر مشتمل سیریز کے  پہلے ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

سنیچر کو ٹرینیڈاڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے 281 رنز کا ہدف 49 ویں اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ 

ڈیبیو کرنے والے حسن نواز 63 رنز جبکہ حسین طلعت 41 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

ویسٹ انڈیز کے 281 رنز کے ہدف کے  جواب میں اوپنر صائم ایوب صرف پانچ رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

پہلی وکٹ گرنے کے بعد عبداللہ شفیق اور بابر اعظم نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور ٹیم کا سکور آگے بڑھایا لیکن پھر عبداللہ 29 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد بابر اعظم بھی 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کپتان محمد رضوان نے نصف سینچری سکور کی لیکن وہ بھی 53 رنز پر آؤٹ ہوئے جبکہ سلمان علی آغا 23 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

پانچ وکٹیں گرنے کے بعد نوجوان حسن نواز اور حسین طلعت نے ذمہ درانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 49 ویں اوور میں ہدف پورا کر کے ٹیم کو کامیابی دلوائی۔

اس سے قبل پاکستان نے میزبان ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 49 اوورز میں 280 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ایون لوئس 60 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

ویسٹ انڈیز کے برینڈن کنگ صرف چار رنز کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوگئے اور پہلی وکٹ گرتے ہی ایون لوئس اور کارٹے کے مابین 77 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن کارٹے 30 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ لوئس 60 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔

ویسٹ انڈیز کے کپتان شائے ہوپ اور روسٹن چیز نے نصف سینچری کی اننگز کھیلی جبکہ رتھرفورڈ 10، گڈاکیش موتی 31، شیمار جوزف آٹھ اور شیفرڈ چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے چار، نسیم شاہ نے تین جبکہ صائم ایوب، سفیان مقیم اور سلمان علی آغا نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔

پاکستان نے تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون

اس میچ میں محمد رضوان (کپتان)، عبداللّٰہ شفیق، صائم ایوب، بابر اعظم، سلمان آغا، حسن نواز، حسین طلعت، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، سفیان مقیم پاکستان کی پلیئنگ الیون میں شامل تھے۔

ویسٹ انڈیز کی پلیئنگ الیون

اس میچ میں شائے ہوپ (کپتان)، برینڈن کنگ، ایوین لوئس، کیسی کارٹی، شرفین ردرفورڈ، روسٹن چیس، روماریو شیفرڈ، گڈاکیش موٹی، جیڈیا بلیڈز، سمر جوزف اور جیڈین ویسٹ انڈیز کی پلیئنگ الیون کا حصہ تھے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More