افغانستان میں مہاجرین کی بحالی کے لیے 12 لاکھ ڈالر سے زائد کے منصوبے شروع

ہماری ویب  |  Sep 16, 2025

افغانستان کے وزارت امور و آباد کاری مہاجرین نے اعلان کیا ہے کہ 4 شراکت دار تنظیموں کے ساتھ مجموعی طور پر 12 لاکھ 78 ہزار ڈالر کے تعاون کے معاہدے طے پاگئے ہیں۔ ان معاہدوں کا مقصد پڑوسی ممالک سے واپس آنے والے مہاجرین اور داخلی طور پر بے گھر خاندانوں کی ضروریات کو پورا کرنا ہے، جو افغانستان کے مختلف صوبوں میں بدستور مشکلات کا شکار ہیں۔

8 صوبوں میں امداد تقسیم کی جائے گی

وزارت کے مطابق یہ امداد خاص طور پر 8 صوبوں میں تقسیم کی جائے گی جن میں کابل، کنڑ، ہلمند، زابل، نمروز، بادغیس اور فراہ شامل ہیں۔ ان علاقوں کا انتخاب اس بنیاد پر کیا گیا ہے کہ یہاں واپس آنے والے پناہ گزینوں اور بے گھر خاندانوں کی بڑی تعداد آباد ہے اور ان کی فوری امداد ناگزیر ہے۔

امدادی پیکیج میں عوامی آگاہی مہمات بھی شامل

اس منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 740 خاندانوں کو نقد امداد اور موسم سرما کا ضروری سامان فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ آنے والے سخت موسمی حالات میں اپنی بقا یقینی بنا سکیں۔ اس کے علاوہ صحت کی خدمات، باورچی خانے کے آلات اور تعلیمی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ وزارت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ امدادی پیکیج میں عوامی آگاہی مہمات بھی شامل ہیں تاکہ مقامی آبادی کو صحت، تعلیم اور سماجی ہم آہنگی کے حوالے سے رہنمائی دی جا سکے۔

جنگ اور ہجرت کے باعث متاثرہ خاندانوں کو نفسیاتی دباؤ کا سامنا

معاہدوں کے مطابق پناہ گزینوں کے امدادی مراکز کی تعمیر اور بحالی بھی کی جائے گی، جو ان خاندانوں کو نہ صرف فوری سہارا فراہم کریں گے بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کریں گے۔ منصوبے میں ذہنی صحت پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق جنگ اور ہجرت کے باعث متاثرہ خاندانوں کو شدید نفسیاتی دباؤ کا سامنا ہے، جس کے ازالے کے لیے مختلف پروگرام ترتیب دیے جا رہے ہیں۔

وزارت کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ 110,812 واپس آنے والے پناہ گزینوں، بے گھر افراد اور متاثرہ مقامی باشندوں کے لیے سودمند ثابت ہوگا۔ اس کے ذریعے نہ صرف بنیادی ضروریات پوری ہوں گی بلکہ ان افراد کو اپنی زندگی ازسر نو بسانے میں بھی مدد ملے گی۔

دیرپا نتائج کے لیے مستقل منصوبہ بندی، عالمی برادری کا تعاون ناگزیر

افغانستان میں گذشتہ دو عشروں کے دوران لاکھوں افراد داخلی تنازعات اور بیرون ممالک ہجرت کے باعث متاثر ہوئے ہیں۔ اس تناظر میں وزارت امور و آباد کاری مہاجرین کے اقدامات ایک اہم پیش رفت سمجھے جا رہے ہیں، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ دیرپا نتائج کے لیے مستقل منصوبہ بندی اور عالمی برادری کے تعاون کی ضرورت ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More