جعفر ایکسپریس حملے کا ماسٹر مائنڈ افغانستان میں ہلاک

ہماری ویب  |  Sep 20, 2025

فتنہ الہندوستان کا دہشت گرد اور جعفر ایکسپریس حملے کا ماسٹر مائنڈ گل رحمان عرف استاد مرید افغانستان میں ہلاک ہوگیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گرد گل رحمان افغان صوبہ ہلمند میں 17 ستمبر 2025 کو ہلاک ہوا۔ بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر بھی اس کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گل رحمان عرف استاد مرید فتنہ الہندوستان مجید بریگیڈ کا ٹرینر اور آپریشنل کمانڈر تھا جو پاکستان میں متعدد دہشت گرد حملوں میں ملوث رہا۔ اس نے سیکیورٹی فورسز، چینی شہریوں، سی پیک منصوبوں اور عام عوام کو نشانہ بنایا۔

یاد رہے کہ مارچ 2025 میں بلوچستان کے علاقے بولان میں جعفر ایکسپریس پر حملے کے نتیجے میں 26 افراد شہید ہوئے تھے جبکہ فورسز کی بروقت کارروائی میں 33 دہشت گرد مارے گئے اور 350 سے زائد یرغمالیوں کو بازیاب کرایا گیا تھا اور اس حملے کا ماسٹر مائنڈ گل رحمان ہی تھا۔

ذرائع کے مطابق گل رحمان مجید بریگیڈ کے ذریعے کراچی میں چینی قونصلیٹ، گوادر کے پی سی ہوٹل، خضدار اسکول بس، پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر بھی حملوں میں ملوث رہا۔

امریکہ پہلے ہی مجید بریگیڈ کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دے چکا ہے جبکہ پاکستان اور چین نے اقوام متحدہ میں اسے دہشت گرد فہرست میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گل رحمان کی ہلاکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ افغان سرزمین اب بھی پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال کی جا رہی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More