مذہبی جماعت کے خلاف آپریشن، مارچ کو منتشر کرتے ہوئے ایس ایچ او جان سے گئے

اردو نیوز  |  Oct 13, 2025

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر مرید کے میں پولیس نے رات گئے آپریشن کر کے ایک مذہبی جماعت کے مارچ کے شرکا کو منتشر کر دیا ہے۔

گذشتہ چار روز سے یہ مارچ لاہور سے بذریعہ جی ٹی روڑ اسلام آباد کی طرف جا رہا تھا۔

رات گئے وزیر داخلہ محسن نقوی اور آئی جی پنجاب عثمان انور بھی مرید کے پہنچے اور آپریشن کی نگرانی کی۔

پولیس نے اس آپریشن کے دوران مارچ کے تمام شرکا کو منتشر کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ جس کے بعد کچھ ایسے ویڈیو کلپ بھی دیکھے جا سکتے ہیں جن میں مرکزی کنٹینر کو آگ لگ چکی ہے۔

دوسری طرف پولیس نے ابھی تک ایس ایچ او سمیت دو اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ مارچ کی شرکا کی فائرنگ سے پولیس اہلکار ہلاک ہوئے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ ’تحریک لبیک پاکستان کے مارچ کو منتشر کرنے کے دوران ایس ایچ او فیکٹری ایریا شیخوپورہ شہزاد نواز مسلح جتھوں کی فائرنگ سے جان سے گئے۔‘

انہوں نے کہا ہے کہ مسلح جتھوں کو امن و امان میں خلل کی اجازت ہر گز نہیں دی جائے گی۔

واضح رہے کہ پاکستانی حکومت نے اتوار کو مذہبی جماعت سے اپیل کی کہ وہ اسلام آباد کی جانب اپنے احتجاجی مارچ کو منسوخ یا مؤخر کر دے، کیونکہ ملک کو قومی یکجہتی کی ضرورت ہے جبکہ فوج کو افغان سرحد پر بڑھتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔

اتوار کوحکام نے اسلام آباد اور راولپنڈی میںاہم شاہراہوں کو جزوی طور پر کھول دیا تھا (فوٹو: اے ایف پی) یہ مارچ گذشتہ ہفتے لاہور سے شروع ہوا تھا اور اب تقریباً 33 کلومیٹر دور واقع قصبے مریدکے تک پہنچ چکا تھا۔ جماعت کا کہنا ہے کہ وہ امریکی سفارتخانے کے باہر مظاہرہ کر کے فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کرنا چاہتی ہے۔

اتوار کوحکام نے اسلام آباد اور اس سے ملحقہ شہر راولپنڈی میں کئی دنوں کی پابندیوں کے بعد اہم شاہراہوں کو جزوی طور پر کھول دیا اور موبائل انٹرنیٹ سروس بھی بحال کر دی۔ تاہم، کئی اہم راستے، جن میں فیض آباد بھی شامل ہے، تیسرے روز بھی بند رہے۔

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’اس نازک وقت پر جب پاکستان اپنی سرحدوں کے تحفظ پر مرکوز ہے، تحریکِ لبیک پاکستان کو چاہیے کہ وہ اپنا احتجاج منسوخ یا مؤخر کر دے۔‘

انہوں نے کہا کہ غزہ کا مسئلہ، جسے یہ مارچ اجاگر کرنا چاہتا ہے، سفارتی حل کے قریب ہے، اور اس حوالے سے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی غزہ میں تیسرے روز بھی قائم رہی۔

ٹی ایل پی کے ترجمان نے کہا تھا کہ اگر حکومتی مذاکرات ناکام ہوئے تو جماعت اپنا مارچ جاری رکھے گی (فوٹو: اے ایف پی)رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ ’یہ مارچ حکومتِ پاکستان سے یکجہتی کے اظہار کے طور پر ہونا چاہیے تھا، کیونکہ حکومت کی امن کی کوششوں کو پوری دنیا تسلیم کر رہی ہے۔‘

تاہم حکومت کی اپیل کو نظر انداز کرتے ہوئے، ٹی ایل پی کے ترجمان ریحان خان نے عرب نیوز کو بتایا تھا کہ اگر حکومتی مذاکرات ناکام ہوئے تو جماعت اپنا مارچ جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا تھا کہ ’اگر مذاکرات سے کوئی نتیجہ نہ نکلا تو ہم منصوبے کے مطابق مارچ جاری رکھیں گے۔‘

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More