’کرکٹرز ہاتھ نہیں ملاتے لیکن یہ ساتھ کھڑے ہیں‘: دبئی ایئر شو میں پاکستان اور انڈین ایئر فورس افسران کی تصاویر کا چرچہ

بی بی سی اردو  |  Nov 20, 2025

پاکستان اور انڈیا کے درمیان رواں برس مئی میں ہونے والی لڑائی کے بعد دونوں ملکوں کے کشیدہ تعلقات کی جھلک کبھی کرکٹ کے میدانوں میں تو کبھی سوشل میڈیا پر نظر آتی ہے۔

اس وقت بھی سوشل میڈیا پر پاکستان اور انڈین صارفین آمنے سامنے ہیں اور اس مرتبہ دبئی میں جاری ایئر شو کی کچھ وائرل تصاویر پر بحث ہو رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ان تصاویر میں بظاہر انڈین ایئر فورس کے اہلکار دبئی ایئر شو میں پاکستانی پویلین کے قریب کھڑے پاکستان ایئر فورس کے افسران سے گفتگو کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

کچھ تصاویر میں انڈین ایئر فورس کے افسران پاکستان کی جانب سے ایئر شو میں رکھے گئے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کے سامنے تصاویر بھی بنوا رہے ہیں۔

ان تصاویر کے مستند ہونے سے متعلق بی بی سی نے پاکستان ایئر فورس کے ترجمان کو پیغام بھیجا، جنھوں نے تصدیق کی ہے کہ انڈین ایئر فورس اور نیوی کے افسران دبئی میں جاری ایئر شو میں جے ایف 17 تھنڈر طیارے کے سامنے تصاویر اور سیلفیاں بنواتے رہے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان مئی میں ہونے والی لڑائی کے بعد پاکستان نے انڈیا کے چھ طیارے مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔

دوسری جانب انڈین ایئر فورس نے مئی کی لڑائی کے تین ماہ بعد یہ دعویٰ کیا تھا کہ اس لڑائی کے دوران انڈیا نے بھی پاکستان کے طیارے تباہ کیے تھے۔

’لڑائی صرف آسمانوں پر ہوتی ہے، گراونڈ پر صرف ایوی ایشن کا جنون ہے‘انڈین ایئرچیف کا پاکستانی طیارے گرانے کا دعویٰ اور میڈیا پر بحث: ’چلیں انڈیا نے یہ تو مانا کہ 2019 میں کوئی ایف 16 طیارہ نہیں گرا تھا‘پاکستان اور انڈیا کی فوجی طاقت کا موازنہ: لاکھوں کی فوج سے جدید طیاروں، بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز تکرفال بمقابلہ جے 10 سی: پاکستانی اور انڈین جنگی طیاروں کی وہ ’ڈاگ فائٹ‘ جس پر دنیا بھر کی نظریں ہیںچینی جے 10 سی اور فرانسیسی رفال طیارہ بنانے والی کمپنیوں کے شیئرز میں ’اتار چڑھاؤ‘ کا پاکستان اور انڈیا تنازع سے کیا تعلق ہے؟

دبئی ایئر شو کی تصاویر سامنے آنے پر سوشل میڈیا پر بعض صارفین اس ملاقات کو پیشہ ورانہ تعلق قرار دیتے ہوئے سراہ رہے ہیں تاہم کچھ صارفین کا دعویٰ ہے کہ یہ پاکستان ایئر فورس کی میدان جنگ میں کامیابیوں اور پیشہ ورانہ برتری کا ثبوت ہے۔

ٹیکٹیکل ٹیپو نامی صارف لکھتے ہیں کہ دبئی ایئر شو 2025 میں پاکستان اور انڈین ایئر فورس کے درمیان پیشہ ورانہ رابطہ دیکھ کر اچھا لکھا۔

این کے نام سے صارف ایکس پر لکھتے ہیں کہ ان کے کرکٹرز ہاتھ نہیں ملاتے لیکن انڈین ایئر فورس کے افسران پی اے ایف پویلین کے قریب کھڑے ہیں۔

واضح رہے کہ ستمبر میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ایشیا کپ کے میچز کے دوران انڈین کپتان سوریا کمار یادیو نے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا کے ساتھ ٹاس کے دوران ہاتھ نہیں ملایا تھا جبکہ میچ ختم ہونے کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان روایتی ہینڈ شیک سے بھی گریز کیا تھا۔

امن سنگھ چنا لکھتے ہیں کہ ’انڈین اور پاکستان ایئر فورس کے افسران کا دبئی ایئر شو پویلین میں ایک ساتھ۔ پیشہ ورانہ رابطہ مہذب انداز میں۔‘

سلیم چوہدری نامی صارف لکھتے ہیں کہ پاکستان ایئر فورس اور انڈین ایئر فورس کے اہلکاروں کو ایک ساتھ دیکھ کر اچھا لگا۔ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں بلکہ یہ حالات کو مزید خراب کرتی ہے۔

ہانیہ بتول نامی صارف لکھتی ہیں کہ یہ دیکھ کر اچھا لگا کہ انڈین ایئر فورس کے افسران جے ایف 17 بلاک تھری تھنڈر کے سامنے تصاویر بنوا رہے ہیں۔

’لڑائی صرف آسمانوں پر ہوتی ہے، گراونڈ پر صرف ایوی ایشن کا جنون ہے۔‘

خیال رہے کہ مئی میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہونے والی فضائی جھڑپ کے بعد پاکستان ایئر فورس کے ڈپٹی چیف آف ایئر سٹاف (آپریشنز) نے نیوز کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ پاکستان اور انڈیا کی ایئر فورس ایک دوسرے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی معترف رہتی ہے۔

اُنھوں نے کہا تھا کہ انڈین ایئر فورس ایک پیشہ ورانہ فورس ہے۔ وہ اپنے ملک کا دفاع کرتے ہیں اور ہم اپنے ملک کے دفاع کے ذمے دار ہیں۔

جب انڈیا اور پاکستان کے ایئر چیفس جنگ کے بعد ملے

پاکستان اور انڈین ایئر فورس دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والی مختلف لڑائیوں میں متعدد بار ایک دوسرے کے آمنے سامنے آ چکی ہیں۔

دونوں ممالک کی فضائیہ ایک دوسرے پر فضائی برتری کے دعوے کرتی رہی ہے لیکن ماضی میں ایسی مثالیں بھی موجود ہیں جب دونوں ممالک کی ایئر فورس کے افسران ایک دوسرے سے ملاقاتیں کرتے رہے ہیں۔

اس حوالے سے ایک تاریخی ملاقات انڈین ایئر چیف مارشل ارجن سنگھ اور اس وقت پاکستان ایئر فورس کے سربراہ نور خان کی بھی ہے جو ریکارڈ کا حصہ ہے۔

ایئر مارشل ارجن سنگھ 1965 کی پاکستان، انڈیا جنگ کے بعد سرکاری دورے پر پاکستان آئے تھے۔

دبئی ایئر شو میں پاکستان اور انڈیا نے کون سے طیارے رکھے ہیں؟

انڈین ایئر فورس کے مطابق دبئی ایئر شو میں اس کی سوریا کرن ایئر بیٹک ٹیم اور ’تیجس‘ فائٹر جیٹ نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں۔

’تیجس‘ انڈیا کا پہلا مکمل طور پر دیسی ساختہ لڑاکا طیارہ ہے جو سنگل انجن ہے اور جس میں لگائے گئے پچاس فیصد سے زیادہ حصے انڈیا میں تیار کیے جاتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اس طیارے میں مقامی سطح پر تیار کیا گیا ریڈار نصب ہے۔ بعض ماہرین کا خیال ہے کہ یہ طیارہ وزن میں ہلکا اور اس کی انجن پاور بھی اچھی ہے۔ نیز یہ کہ یہ ایک کثیر المقاصد لڑاکا طیارہ ہے جو آٹھ سے نو ٹن وزن لے جا سکتا ہے۔

اس کے علاوہ 52 ہزار فٹ کی بلندی پر بھی یہ طیارہ آواز کی رفتار سے 1.6 سے 1.8 گنا تیزی سے سفر کرتا ہے۔

دوسری جانب پاکستان ایئرو ناٹیکل کمپلیکس کامرہ نے دبئی ایئر شو میں اپنا پویلین قائم کیا ہے جس میں یہاں تیار ہونے والے دو جے ایف-17 بلاک تھری لڑاکا اور میزائل رکھے گئے ہیں۔

ایئر شو کے دوران جے ایف-17 لڑاکا طیارے نے فضائی کرتب بھی دکھائے۔

دبئی ایئر شو کو ایوی ایشن کی تاریخ کا سب سے بڑا ایونٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

دبئی ایئر شو کی ویب سائٹ کے مطابق 17 سے 21 نومبر تک جاری رہنے والے اس ایئر شو میں مختلف ممالک کی جانب سے کمرشل اور جنگی جہاز رکھے گئے ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق اس ایئر شو میں 200 سے زیادہ کمرشل اور لڑاکا طیارے نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں۔

دبئی کے المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والی اس نمائش میں ایئر بس، لاک ہیڈ مارٹن، ایئر بس، بوئنگ، فالکن سمیت دیگر کمپنیوں نے بھی اپنے پویلین قائم کیے ہیں۔

رفال بمقابلہ جے 10 سی: پاکستانی اور انڈین جنگی طیاروں کی وہ ’ڈاگ فائٹ‘ جس پر دنیا بھر کی نظریں ہیںپاکستان میں گرایا گیا اسرائیلی ساختہ ہروپ ڈرون کیا ہے اور فضا میں اس کی نشاندہی کرنا مشکل کیوں ہے؟انڈیا کے فضائی حملوں کا پاکستان کیسے جواب دے گا اور کیا جوابی کارروائی اب ناگزیر ہو چکی؟پاکستان انڈیا کی جانب سے داغے گئے میزائلوں کو کیوں نہیں روک پایا؟انڈین فضائیہ جس کی ابتدا ایک مسلمان افسر سمیت صرف چھ پائلٹوں سے کراچی میں ہوئی
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More