سرحدی حملوں سے سفارتی جمود تک: کیا پاکستان اور افغانستان ایک نئے سکیورٹی بحران کے دہانے پر ہیں؟

بی بی سی اردو  |  Feb 26, 2026

AFP via Getty Images

سنیچر (21 فروری) کی شب پاکستان کی جانب سے افغانستان میں کی گئی فضائی کارروائیوں کے بعد پیدا ہونے والے کشیدہ حالات کے بیچ منگل (24 فروری) کو ایک بار پھر دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر سرحدی علاقوں میں فائرنگ کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔

سنیچر کو پاکستان کی جانب سے کی گئی کارروائی کے بعد سکیورٹی حکام کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ افغانستان کے صوبے ننگرہار، پکتیا اور خوست میں کالعدم شدت پسند تنظیم تحریک طالبان پاکستان اور دولتِ اسلامیہ خراسان کے سات مراکز کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 80 شدت پسند ہلاک ہوئے، تاہم افغانستان نے ان حملوں کو سرحدی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت عام شہری مارے گئے۔

افغانستان نے یہ تنبیہ بھی کی کہ ’مناسب وقت‘ پر اس کا جواب دیا جائے گا۔

پاکستان میں شدت پسندوں کی جانب سے کی جانے والی پے در پے کارروائیوں اور اس کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کی ہلاکت کے بعد پاکستان کا کہنا ہے کہ افغان طالبان دوحہ معاہدے کی پاسداری کرنے میں ناکام رہے ہیں اور اُن کی سرزمین پاکستان کے خلاف ہونے والے مسلسل حملوں کے لیے استعمال ہو رہی ہے جبکہ افغانستان کا مؤقف ہے کہ دہشت گردی پاکستان کا اندورنی مسئلہ ہے جسے وہ حل کرنے میں ناکام رہا ہے۔

ایسے میں پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ افغانستان میں موجود غیر تسلیم شدہ حکومت دہشت گرد عناصر کو افغان سرزمین استعمال کرنے کی اجازت دے رہی ہے جو دوحہ امن معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’ایسا لگتا ہے کہ افغانستان میں طالبان حکومت نے نائن الیون جیسے یا اُس سے بھی بدتر حالات پیدا کر دیے ہیں جس کے نتائج دنیا بھر کو بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔‘

AFP via Getty Images

پاکستان اور افغانستانکی سرحد پر آمدورفت اور تجارت گذشتہ کئی ماہ سے معطل ہے اور دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف تند و تیز بیانات اور الزامات کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ دوسری جانب پاکستان میں شدت پسندی کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ افغان طالبان پاکستان کی توقعات پوری کرنے میں ناکام رہے ہیں، تو ایسے میں سوال یہ ہے کہ دونوں ممالک کب تک انتہائی کشیدہ تعلقات برداشت کر سکتے ہیں؟ کیا حالات ابھی بھی معمول پر لانے کی گنجائش باقی ہے یا پھر پاکستان کے خیال میں ماضی کی طرح افغانستان میں حکومت کی تبدیلی ہی مسئلے کا حل ہے؟

پاکستان کے وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بی بی سی اُردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی ادارے، اور چین سے لے کر امریکہ تک سب ممالک کہہ رہے ہیں کہ افغانستان میں دہشت گرد گروپ موجود ہیں۔‘

انھوں نے کہا کہ ’ہم فرنٹ لائن سٹیٹ ہیں اور ہمیں اپنی عوام کے ساتھ بحیثیتِ ذمہ دار ملک دنیا کو بھی خطرے سے بچانا ہے۔‘

’افغانستان میں نائن الیون جیسے حالات‘: کیا پاکستان اور دنیا کے لیے خطرہ واقعی بڑھ رہا ہے؟

صدر آصف علی زرداری نے افغانستان کے حوالے سے اپنے حالیہ بیان میں عالمی برادری کو خبردار کیا ہے کہ جب دہشت گرد گروہوں کو سرحدوں سے باہر جگہ، سہولت یا استثنیٰ دیا جاتا ہے تو اس کے نتائج دنیا بھر کے بے گناہ شہریوں کو بھگتنا پڑتے ہیں۔

اس سے قبل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی رپورٹ نے افغانستان میں داعش خراسان، تحریک طالبان پاکستان اور القاعدہ سمیت متعدد شدت پسند تنظیمیوں کی موجودگی کی تصدیق کی تھی۔ پاکستان کے علاوہ افغانستان کے دیگر ہمسایہ ممالک جیسا کہ تاجکستان، ایران، ازبکستان اور چین بھی افغانستان میں شدت پسند تنظیموں کی موجودگی پر پریشان ہیں۔

ایسے میں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا پاکستان افغانستان میں موجودہ خطرات سے نمٹنے کے لیے دوسرے ممالک سے مدد لے سکتا ہے جیسا کہ ماضی میں امریکہ نے افغانستان پر حملہ کر کے وہاں دہشت گردی کے خلاف جنگ شروع کی۔

وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ ’پاکستان دہشت گردوں اور دنیا کے مابین ایک دیوار ہے اور بار بار ہونے والے حملے اس دیوار کو کمزور کر رہے ہیں۔ دہشت گرودں کا ہدف صرف کوئٹہ اور لاہور نہیں ہے بلکہ یہ لندن اور نیویارک تک ہے اور یہ ہم سے ہو کر پہنچیں گے۔‘

AFP via Getty Imagesپاکستان کا کہنا ہے کہ افغان طالبان دوحہ معاہدے کی پاسداری کرنے میں ناکام رہے ہیں اور اُن کی سرزمین پاکستان کے خلاف ہونے والے مسلسل حملوں کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔

ہانگ کانگ میں ریسرچ فیلو سید فخر کاکاخیل کا کہنا ہے کہ ’پاکستان نے اس اہم نکتے کی جانب اشارہ کیا ہے کہ داعش اور ٹی ٹی پی خطے کے علاقائی ممالک کے ساتھ ساتھ روس اور دنیا کے لیے بھی خطرہ ہیں۔ ایسی اطلاعات ہیں کہ شام کا محاذ بند ہونے کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں موجود جنگجو افغانستان کا رُخ کر رہے ہیں اور ایسے میں کسی بڑے حملے کے خطرے کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’مسئلہ دراصل یہ ہے کہ دنیا بھر کو دیگر تنازعات کا سامنا ہے جیسا کہ روس یوکرین تنازع، ایران، امریکہ کشدگی۔۔۔ ایسے میں افغانستان دنیا کی ترجیح نہیں ہے لیکن حالیہ رپورٹس یہ ظاہر کرتی ہیں یہاں کے حالات دنیا کے لیے خطرہ ہیں۔‘

یاد رہے کہ افغانستان میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد جیلوں میں قید ٹی ٹی پی اور داعش سے منسلک سینکڑوں مشتبہ افراد کو رہا کیا گیا تھا۔

افغانستان میں تعینات رہنے والے سابق پاکستانی سفیر منصور خان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں غیر ملکی جنگجو موجود ہیں اور ایسے میں علاقائی ممالک کو مل کر یہ کوشش کرنا ہو گی افغان طالبان سے بات چیت کی جائے۔

’گوریلا جنگ کا وسیع تجربہ‘ رکھنے والے افغان طالبان کے پاس کون سے ہتھیار ہیں اور کیا وہ پاکستان کے خلاف روایتی جنگ کے متحمل ہو سکتے ہیں؟جب افغانستان سے پاکستان پر سکڈ میزائلوں کی بارش ہوئیافغان طالبان کی قیادت میں موجود دراڑ اور انٹرنیٹ کی بندش کے پس منظر میں ہونے والی لڑائیپاکستان کی افغانستان میں کارروائی اور کابل کی ’مناسب وقت پر‘ ردعمل کی دھمکی: ’یہ افغان طالبان کے لیے ایک وارننگ تھی‘کیا افغانستان میں رجیم چینج (حکومت کی تبدیلی) مسئلے کا حل ہے؟

مبصرین کے مطابق صدر زرداری کے حالیہ بیان کے بعد یہ تاثر پیدا ہو رہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں حکومت کی تبدیلی چاہتا ہے، اور اسی دوران افغانستان کی عبوری حکومت کے نمائندے اور ترجمان بھی متعدد بار الزام عائد کر چکے ہیں کہ پاکستان اُن کی حکومت کمزور کر رہا ہے۔

چند ماہ قبل پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ ’اگر افغان طالبان یہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان اُن کی حکومت گرانا چاہتا ہے تو پاکستان کو افغانستان میں غیر تسلیم شدہ حکومت گرانے کے لیے بہت زیادہ زور نہیں لگانا پڑے گا۔‘

سوال یہ ہے کہ کیا پاکستان کے مطابق افغانستان میں رجیم چینج ہی مسئلے کا واحد حل ہے کیونکہ حکومت کے مطابق افغان طالبان دنیا سے کیا گیا معاہدہ پورا کرنے میں ناکام رہے ہیں؟

وزیراعظم شہباز شریف کے معاونِ خصوصی رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ ’افغانستان میں ایک ایسا گروہ حکومت کر رہا ہے، جس نے ناصرف وہاں کے عوام کی زندگی مشکل کر دی ہے بلکہ یہ دنیا بھر کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔‘

AFP via Getty Imagesدائیں سے بائیں، وزیر مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی مولوی حمد اللہ نعمانی، طالبان کے قائم مقام وزیر داخلہ سراج الدین حقانی، وزیر دیہی بحالی اور ترقی ملا محمد یونس اخندزادہ اور ایک اور طالبان عہدیدار ایک اسٹیج پر کھڑے ہیں۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ’دنیا کو ایک اور نائن الیون کا انتظار نہیں کرنا چاہیے بلکہ انھیں اس معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھنا چاہیے اور ان کے متعلق کوئی پالیسی اپنانی چاہیے۔‘

اس معاملے پر بات کرتے ہوئے کابل میں تعینات رہنے والے پاکستان کے سابق سفیر منصور خان نے کہا کہ افغانستان میں طالبان کی حکومت بننے کے بعد پاکستان کی اُن سے دو ہی توقعات تھیں: ’ایک ٹی ٹی پی کا خاتمہ اور دوسرا پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات۔‘

بی بی سی اُردو سے بات کرتے ہوئے منصور خان نے کہا کہ ’بدقسمتی سے پاکستان کی یہ دونوں توقعات پوری نہیں ہو سکیں ہیں اور اب دونوں جانب سے بداعتمادی اور عدم برداشت بڑھ گئی ہے، اور اگر عسکری حارحیت جاری رہی تو حالات اور مشکل تر ہو جائیں گے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’افغانستان میں رجیم چینج سے مزید انتشار پیدا ہو گا جس سے پاکستان کے لیے مزید مسائل پیدا ہوں گے۔‘

ریسرچ فیلو سید فخر کاکاخیل کہتے ہیں کہ ’بظاہر پاکستان کی برداشت اب ختم ہو گئی ہے کیونکہ دہشت گردی جو پہلے سرحدی علاقوں میں تھی اب اسلام آباد تک پہنچ گئی ہے اور اس لیے پاکستان اب جواب دے رہا ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’پاکستان استحکام چاہتا ہے اور وہ اس سلسلے میں چین کی جانب بھی دیکھ رہا ہے۔‘

AFP via Getty Imagesطالبان کے رہبرِ اعلیٰ ہبت اللہ اخونزادہ کا ایک پوسٹر

افغانستان میں رجیم چینج کی ممکنہ کوشش کے بارے میں بات کرتے ہوئے فخر کاکاخیل نے کہا کہ ’پاکستان کی کوشش یہی ہو گی کہ پہلے رجیم چینج کے بجائے طالبان کے اندر کسی پر پروگریسیو تبدیلی کی حمایت کی جائے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’افغان طالبان میں کسی ایسے گروپ کو سامنے لایا جا سکتا ہے جو زیادہ سخت گیر نہ ہو اور اس مقصد کے حصول کے لیے پاکستان افغان طالبان کے اُن دھڑوں کی حمایت کر سکتا ہے جو معتدل ہوں۔‘

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہے ’پاکستان کے لیے یہ مشکل وقت ہے اور پاکستان کو شدت پسندی کے خلاف یہ جنگ ہر صورت میں جیتنا ہے کیونکہ اس جنگ کو جیتنے کے علاوہ پاکستان کے پاس کوئی اور آپشن نہیں ہے کیونکہ افغانستان میں پاکستان کے خلاف سرگرم جنگجوؤں کو انڈیا کی جانب سے بھرپور حمایت اور مالی معاونت حاصل ہے۔‘

انڈیا ان الزامات کی تردید کرتا رہا ہے۔

پاکستان کی جانب سے حالیہ حملوں کے بعد افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ ملک میں قید میں داعش کے جنگجوؤں کو افغان طالبان کے حوالے کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ ان کے مطالبات نہ ماننے کی صورت میں پاکستان کو نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

سید فخر کاکاخیل کا کہنا ہے کہ ’وسطی ایشیائی ریاستیں اور خصوصاً تاجکستان افغانستان میں غیر ملکی جنگجوؤں کے معاملے کو بہت قریب سے دیکھ رہا ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’داعش کو سب سے بڑا خطرہ افغان طالبان سے ہے۔ طالبان کی افغانستان میں آمد کے بعد درجنوں کی تعداد میں ٹی ٹی پی اور داعش کے جنگجوؤں کو جیلوں سے رہا کیا گیا پھر انھی داعش کے جنگجوؤں نے ایران اور ماسکو کے مفادات کے خلاف حملے کیے۔‘

سابق سفیر منصور خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کبھی بھی ان قیدیوں کو افغان طالبان کے حوالے نہیں کرے گا اور دونوں ممالک کے درمیان قیدیوں کی منتقلی کا کوئی معاہدہ بھی نہیں ہے۔

EPAپاکستان کی جانب سے حالیہ حملوں کے بعد افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ ملک میں قید میں داعش کے جنگجوؤں کو افغان طالبان کے حوالے کیا جائے۔افغانستان پاکستان کشیدگی: مسئلہ آخر کیسے حل ہو گا؟

دونوں ممالک کے مابین اس وقت سفارتی اور تجارتی تعلقات بالکل منجمد ہیں۔

ایسے میں وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان ہمسائیوں سے تعلقات بات چیت اور نان کائنیٹک آپریشنز کے ذریعہ بہتر کرنا چاہتا ہے لیکن پاکستان کی شکایات دور کرنا تو دور کی بات ہے افغان طالبان پاکستان میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی مذمت بھی نہیں کرتے ہیں۔‘

انھوں نے کہا کہ ’افغان طالبان نے کبھی یہ عزم بھی ظاہر نہیں کیا کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے تیار ہیں، پاکستان بات چیت کرنا یہ چاہتا لیکن یہ روابط دو طرفہ ہوتے ہیں یکطرفہ نہیں اور پاکستان ہر ممکن طریقے سے اپنی عوام کو محفوظ بنائے گا۔‘

ریسرچ فیلو سید فخر کاکاخیل کا کہنا ہےکہ ناصرف پاکستان بلکہ تاجکستان جیسے خطے کے دیگر ممالک بھی افغان طالبان سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ افغان سرزمین میں موجود شدت پسندوں کے خلاف ایکشن لیں ’لیکن مسئلہ یہ ہے کہ افغان طالبان اس بات کو سمحجھ ہی نہیں رہے ہیں کہ یہ کوئی مسئلہ ہے۔‘

انھوںنے کہا کہ حکومت پاکستان کے مطابق ’ترکی اور قطر میں ہونے والے مذاکرات میں پاکستان نے ثبوت بھی پیش کیے لیکن افغان طالبان اس بات آمادہ نہیں ہیں کہ کچھ غلط نہیں ہے، تو پھر بات چیت کیسے آگے بڑھ سکتی ہے؟‘

طلال چوہدی کا کہنا ہے کہ ’پاکستان صرف یہ چاہتا ہے کہ افغانستان میں طالبان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر دنیا سے کیے گئے اپنے وعدہ پورے کرے۔‘

سابق سفیر منصور علی خان کے بقول ’فوجی کارروائی مسئلے کا حل نہیں ہے، پاکستان کو افغانستان سے مسائل کو حل کرنے کے لیے آؤٹ آف باکس حل تلاش کرنا ہو گا لیکن سب پہلے ضروری ہے کہ بیک چینل ڈوپلومیسی کے تحت بات چیت شروع کی جائے تاکہ رابطے کا ذریعہ بحال ہو۔‘

انھوں نے کہا کہ ’عسکری کارروائیوں اور سرحد کی بندش سے افغان عوام میں پاکستان کے لیے غم و غصہ بڑھ رہا ہے اور افغان طالبان ان منفی جذبات سے فائدہ اٹھا کر رہے ہیں۔‘

منصور علی خان کے خیال میں ’افغان طالبان کے لیے بھی ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی کرنا مشکل ہے کیونکہ مشکل صورتحال میں وہ ایک دوسرے کے اتحادی رہے ہیں، اگر بات چیت کا سلسلہ بند رہا تو صورتحال مزید خراب ہی ہو گی۔‘

افغان طالبان کی قیادت میں موجود دراڑ اور انٹرنیٹ کی بندش کے پس منظر میں ہونے والی لڑائیتاجکستان کی سرحدی جھڑپ میں دو اہلکاروں کی ہلاکت پر افغان طالبان کو ’منھ توڑ جواب‘ کی دھمکی سلطان عزیز عزام: ایف ایم سٹیشن پر ناول پڑھ کر سُنانے والا ’براڈ کاسٹر‘ داعش خراسان کا کمانڈر کیسے بنا؟طالبان حکومت کے وزیر صحت کا دورہ انڈیا: پاکستان سے تجارت بند ہونے کے بعد افغانستان میں کن ممالک کی ادویات فروخت ہو رہی ہیں؟افغان شہریوں پر بیرون ملک عسکری کارروائیوں میں حصہ لینے کی ممانعت: افغان علما کی قرارداد پاکستان، افغانستان کشیدگی میں کیا معنی رکھتی ہے؟افغانستان میں چھوڑا گیا امریکی اسلحہ ’طالبان کا دفاعی ڈھانچہ بن چکا ہے‘، امریکی رپورٹ کے انکشافات اور پاکستان کی تشویش
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More