’تم بڑی عمر کی عورت سے کیوں مل رہے ہو‘: عمر میں زیادہ فرق والے جوڑے جو تعلق میں زیادہ لطف محسوس کرتے ہیں

بی بی سی اردو  |  Apr 30, 2026

اُن کی ملاقاتیں اچھی جا رہی تھیں بلکہ دیکھا جائے تو بہت ہی اچھی۔ مگر اِس دوران لینا کو خدشہ تھا کہ جب اُن کے پارٹنر کیٹل کو اُن کی اصل عمر کا پتا چلے گا تو کہیں وہ یہ رشتہ ختم کرنے کا فیصلہ نہ کر لیں۔

ڈیٹنگ ایپ پر ملاقات کے بعد لینا اور کیٹل گذشتہ چند ہفتوں سے ایک دوسرے سے مل رہے تھے۔ ایپ پر اپنی پروفائل میں لینا نے اپنی عمر اسی لیے ظاہر نہیں کی تھی کہ کہیں انھیں مسترد نہ کر دیا جائے۔

45 سالہ لینا کہتی ہیں کہ ’جیسے جیسے ہمارا رشتہ زیادہ سنجیدہ ہوتا گیا، میری پریشانیاں بڑھتی گئیں۔‘

لینا جس شخص سے مل رہی تھیں وہ پہلے ہی واضح کر چکے تھے کہ وہ محبت کی تلاش میں ہیں، کسی عارضی تعلق بنانے کی چکر میں نہیں۔

پہلی ملاقات میں لینا نے کیٹل کو بتا دیا تھا کہ اُن کی ایک نوعمر بیٹی بھی ہے، مگر اس بات سے کیٹل کی حوصلہ شکنی نہیں ہوئی۔

لینا سے 15 برس چھوٹے 30 سالہ کیٹل کہتے ہیں کہ ’ابتدا میں مجھے لگا شاید وہ (لینا) مجھ سے ایک، دو سال ہی بڑی ہوں گی۔‘

لینا نے آخرکار جب ابتدائی ملاقاتوں کے چند ہفتوں بعد اپنی عمر بتائی تو بھی کیٹل کی حوصلہ شکنی نہیں ہوئی بلکہ کیٹل نے یہ یقینی بنایا کہ وہ لینا کی بیٹی سے مل کر جاننے کی کوشش کریں کہ کییں اُس کے لیے اُس کی والدہ سے ملنا اسے بُرا تو نہیں لگتا۔

لینا کی 19 سالہ بیٹی کیٹل سے عمر میں محض 11 سال چھوٹی تھیں۔

عمر سے متعلق لوگوں کے سوالات کا ڈر

لینا کہتی ہیں کہ ’میں نے کیٹل سے کہا کہ براہِ کرم میری عمر کسی کو نہ بتانا، کیونکہ مجھے ڈر تھا کہ لوگ اس سے سوال کریں گے کہ ’تم ایک بڑی عمر کی عورت سے کیوں مل رہے ہو؟‘

آخر کار کیٹل کے دوستوں نے یہ بات سمجھ لی اور اس کے والدین نے لینا اور اس کی بیٹی کو خوش دلی سے خاندان میں قبول کر لیا۔ ان کے مطابق ’وہ سادہ اور نرم مزاج لوگ ہیں۔‘

لیکن اگر کوئی ان کا مذاق اُڑاتا یا یہ کہتا کہ عمر کا فرق ٹھیک نہیں ہے تو کیا ہوتا تھا؟

اس پر کیٹل کہتے ہیں کہ جو بھی لینا کا مذاق اُڑاتا یا تنقید کرتا، وہ اس سے دوستی ختم کرنے کے لیے تیار ہوتے تھے۔

اور لینا کی بیٹی کی جہاں تک بات ہے تو اس نے اپنی والدہ سے کہا کہ ’آپ دونوں بالغ ہیں، اس لیے اگر وہ (کیٹل) آپ کے ساتھ اچھا سلوک کریں تو اسے کوئی مسئلہ نہیں۔‘

لینا کی بیٹی کے جواب نے جنریشن گیپ کو کم کرنے میں بھی مدد دی۔

لینا اور کیٹل دو سال سے ایک ساتھ ہیں۔ لینا کہتی ہیں کہ ’کیٹل کا پرسکون انداز اور سمجھداری میرے اندر موجود دباؤ کو کم کر دیتی ہے۔‘

’کبھی کبھی مجھے لگتا ہے کہ وہ زیادہ سمجھدار ہے اور میں کچھ زیادہ بچوں جیسی ہوں، حالانکہ میں کبھی کبھی اپنا حکم بھی بہت چلاتی ہوں۔‘

ان دنوں یہ جوڑا اپنے مستقبل کی منصوبہ بندی میں مصروف ہے اور انھوں نے حال ہی میں ناروے کے جنوب مغرب میں واقع ساحلی شہر سٹاواںگر کے قریب ایک گھر خریدا ہے۔

لیکن عمر کے فرق کی وجہ سے، لینا اور کیٹل کو سماجی رویوں کے ساتھ ساتھ کچھ اور معاملات پر بھی سوچ و بچار کرنا پڑی۔

جیسے بچے پیدا کرنے کا فیصلہ یا نہ کرنا اور سب سے بڑی یہ حقیقت کہ لینا کو بڑھاپے میں دیکھ بھال کی ضرورت کیٹل کے مقابلے میں کہیں پہلے پڑ سکتی ہے۔

اور اب نیٹ فلکس پر نشر ہونے والے ٹی وی شو ’ایج آف اٹریکشن‘ (Age of Attraction) کی ریلیز کے بعد یہ موضوعات ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آ گئے ہیں۔

نیٹ فلکس کی اس سیریز میں 40 ایسے سنگلز کو ایک دوسرے سے محبت میں مبتلا ہوتے دکھایا گیا جنھیں عمر کا فرق محبت کے بعد پتا چلا۔

ایک چیز جس کو لینا اور کیٹل نے بہت سنجیدگی سے لیا وہ مالی منصوبہ بندی ہے۔ جب انھوں نے اپنا نیا گھر خریدا تو دونوں نے یہ طے کیا کہ ابتدائی عرصے میں لینا جائیداد کے لیے زیادہ مالی حصہ دیں گی کیونکہ وہ کیٹل سے پہلے ریٹائر ہو جائیں گی۔

شروع شروع میں کیٹل گھر کے لیے قرض کی رقم کم ادا کریں گے لیکن جب تک وہ ریٹائر ہوں گے تو اُس وقت تک دونوں جائیداد میں برابر کا حصہ ڈال چکے ہوں گے۔

رشتوں کی ماہرِ نفسیات سارہ لوئیس راین کہتی ہیں کہ اس طرح کی منصوبہ بندی مشکل ہو سکتی ہے، لیکن عمر کے فرق والے جوڑوں کے لیے یہ ضروری ہے کہ ان باتوں کو واضح کیا جائے۔

’عمر کے فرق والے رشتوں کے ابتدائی مرحلے میں اکثر بہت زیادہ جذبات حاوی ہوتے ہیں اور یہ بہت متحرک اور پرجوش ہوتا ہے۔ لیکن پھر جیسے جیسے دونوں کی عمر بڑھتی ہے اور زندگی کے مختلف مراحل کے فرق کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، تو اس سے رشتے پر بڑا دباؤ پڑتا ہے۔‘

سارہ راین کے مطابق، ایسے جوڑوں کو ریٹائرمنٹ کا ایک ایسا منصوبہ بنانا چاہیے جو پیسے اور وقت دونوں کے لحاظ سے مناسب ہو۔ انھیں یہ بھی سوچنا چاہیے کہ بڑھاپے میں وہ ایک دوسرے کی دیکھ بھال کیسے کریں گے۔‘

تاہم ان باتوں کے حوالے سے لینا کو امید ہے کہ ان کی اچھی صحت کے باعث وہ پریقین ہیں کہ کیٹل کو طویل عرصے تک ’کسی نرسنگ ہوم میں مجھ سے ملنے نہیں آنا پڑے گا‘۔

اور اب بات کرتے ہیں اسی مثال کو سامنے رکھتے ہوئے جرمنی میں موجود ایک جوڑے کے تجربات کی جس نے لینا اور کیٹل کے برعکس طویل مدتی منصوبوں پر زیادہ نہیں سوچا۔

کزینیا اور ان کے شوہر میخائل میں بھی عمر کا ایسا ہی فرق موجود ہے اور ان کے درمیان عمر رسیدگی کے چیلنجز پر سوائے چند مذاق کے سنجیدگی سے گفتگو نہیں ہوئی۔

کزینیا کہتی ہیں کہ ’ہم اس وقت زندگی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں اور یہ نہیں سوچ رہے کہ 20 سال بعد کیا ہو گا۔‘

سیکس کی بڑھتی خواہش اور موڈ میں اُتار چڑھاؤ: جنوری کے سرد دن اور طویل راتیں ہمارے مزاج کو کیسے متاثر کرتی ہیں؟23 شادیاں کرنے والا شخص جو ’خوبصورت عورت دیکھ کر موجودہ بیوی کو طلاق دے کر ایک اور شادی کر لیتا‘جب ڈیٹنگ کی ایک ’محفوظ‘ ایپ ہیک ہونے سے ہزاروں خواتین کی تصاویر اور لوکیشن لیک ہو گئیں’شرعی شادی‘: ’تم نکاح پڑھاؤ ہم زیادہ پیسے دے دیں گے اور ویڈیو بھی نہیں بنے گی‘

یہ جوڑا بھی ایک ڈیٹنگ ایپ کے ذریعے اپنے آبائی ملک روس میں ملا تھا

ابتدا میں دونوں ہی عمر کے فرق کے بارے میں فکرمند تھے لیکن جلد ہی فن، ثقافت اور جاسوسی فلموں سے مشترکہ دلچسپی کی وجہ سے ان میں قربت پیدا ہو گئی۔

کزینیا کو اپنی عمر کے لوگوں سے ڈیٹنگ میں دلچسپی نہیں تھی جن کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ زیادہ تر وقت پارٹی کرنے، شراب پینے اور سگریٹ نوشی میں گزارتے ہیں۔

’مجھے عجائب گھروں میں جانا، سیاست اور سماجی مسائل پر بحث کرنا، نئی چیزیں سیکھنا، اور نئے شہروں اور ملکوں کا سفر کرنا پسند تھا۔‘

جیسے جیسے کزینیا میخائل کو سمجھتی گئیں انھیں احساس ہوتا گیا کہ ان کے مقاصد اور دلچسپیاں مشترک ہیں جو ’صرف میوزیم جانے اور ایک ساتھ فلم دیکھنے سے کہیں آگے تھیں۔‘

یہ جوڑا 2022 میں شادی کے بندھن میں بندھا اور بعد میں جرمنی میں آباد ہو گیا۔

کزینیا کو اپنے رشتے میں طاقت کے عدم توازن کا احساس نہیں ہوتا لیکن وہ اس بات کو سراہتی ہیں کہ میخائل کو کام کرنے کے طریقوں کا زیادہ تجربہ ہے اور انھیں لگتا ہے کہ وہ اس سے بہت کچھ سیکھ سکتی ہیں۔

لیکن کزینیا کو اپنے شوہر سے رابطوں کے دوران جنریشن گیپ کا احساس ضرور ہوتا ہے۔

وہ مسلسل میسجز کرتی ہیں، کبھی کبھی ایک دن میں 100 سے زیادہ مرتبہ جبکہ میخائل فون پر یا آمنے سامنے بات کرنا پسند کرتے ہیں۔

کزینیا کے دوستوں اور خاندان نے میخائل کو بہت اچھے طریقے سے قبول کیا ہے لیکن خود کزینیا کا میخائل کے خاندان سے زیادہ رابطہ نہیں رہا، کیونکہ میخائل کے قریبی رشتہ دار کم ہی بچے ہیں۔

فی الحال بچوں کے بارے میں ان کی کوئی فوری منصوبہ نہیں ہے لیکن وہ مستقبل میں بچے چاہتے ہیں، اور کزینیا کو اس بات کی فکر نہیں کہ اگر میخائل زیادہ عمر میں باپ بنے تو وہ ان کا ساتھ کیسے دے پائیں گے۔

’حالانکہ میں چھوٹی ہوں، لیکن مجھے لگتا ہے کہ میخائل میں زیادہ توانائی ہے۔ وہ بہت متحرک ہے اور ایک جگہ بیٹھنا پسند نہیں کرتا،ہم ایک دوسرے کو بہت اچھے طریقے سے متوازن رکھتے ہیں۔‘

’شرمندہ ہونا چھوڑ دیں‘

عمر کے فرق کے باوجود رشتے کا یہی ’توازن‘ لینا نے کیٹل کے ساتھ بھی برقرار رکھا ہے۔

چند سال پہلے جب وہ ڈیٹنگ ایپس پر شامل ہوئیں تو ان کا خاص طور پر کسی کم عمر ساتھی کو تلاش کرنے کا ارادہ نہیں تھا۔

انھوں نے نے اپنی عمر کے خانے میں 26 سے 60 سال کے درمیان کسی سے ڈیٹ کرنے کی رضامندی ظاہر کی تھی۔

’میں 42 سال کی تھی، میں اپنی زندگی کے اس مرحلے پر تھی جہاں میں پوتے پوتیوں والے مرد یا بغیر بچوں والے مرد سے ڈیٹ کر سکتی تھی، دونوں ہی مجھے قبول تھے۔‘

لیکن کیٹل کے ساتھ ان کی اتنی اچھی بننے کی وجہ سے وہ دوسری خواتین کو بھی یہ مشورہ دینے لگیں کہ وہ اپنی عمر کی حد سے باہر جا کر ڈیٹنگ پر غور کریں۔

انھوں نے سوشل میڈیا پر اپنی مشترکہ زندگی کے بارے میں پوسٹ کرنا شروع کیا، اور اگرچہ کچھ منفی تبصرے بھی آئے، لیکن زیادہ تر ردِعمل مثبت رہا۔

لینا کا ماننا ہے کہ خواتین کو ’شرمندگی محسوس کرنا بند کر دینی چاہیے‘ اور ایک دوسرے کو ذاتی فیصلوں پر نہیں پرکھنا چاہیے۔

قبول کرتی ہیں کہ انھیں خود بھی کبھی کبھار ایسا محسوس ہوتا تھا لیکن اب اس سے نکل چکی ہیں۔

آج وہ چاہتی ہیں کہ خواتین یہ جانیں کہ وہ ایسے مردوں کے ساتھ بھی بامعنی اور دیرپا رشتے قائم کر سکتی ہیں جنھیں وہ پہلے صرف کم عمر ہونے کی وجہ سے نظرانداز کر دیتی تھیں۔

سائیکوتھراپی اور تعلیم کے شعبے میں کام کرنے سے پہلے، لینا ایک نرسنگ ہوم میں کام کرتی تھیں، اور انھیں ایک خاتون یاد ہیں جن کا شوہر ان سے 17 سال چھوٹا تھا۔

’وہ ہر روز ان سے ملنے پھول لے کر آتا تھا۔ وہ اب بھی ان سے محبت کرتا تھا، اور میں نے دل میں سوچا کہ یہی سچی محبت ہے۔ مجھے یقین ہے کہ عمر محبت کو کم نہیں کر سکتی۔‘

سیکس کی بڑھتی خواہش اور موڈ میں اُتار چڑھاؤ: جنوری کے سرد دن اور طویل راتیں ہمارے مزاج کو کیسے متاثر کرتی ہیں؟23 شادیاں کرنے والا شخص جو ’خوبصورت عورت دیکھ کر موجودہ بیوی کو طلاق دے کر ایک اور شادی کر لیتا‘’میں 13 برس کی عمر میں حاملہ تھی لیکن اس شخص سے شادی نہیں کرنا چاہتی تھی‘جب ڈیٹنگ کی ایک ’محفوظ‘ ایپ ہیک ہونے سے ہزاروں خواتین کی تصاویر اور لوکیشن لیک ہو گئیں
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More