امارات ایئرلائن کی مکمل بحالی میں 4 سال لگیں گے

سماء نیوز  |  Jun 02, 2020

امارات ائیرلائن کے سبکدوش ہونے والے صدر ٹِم کلارک نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ فضائی کمپنی کو اپنے پروازوں کی مکمل بحالی میں کم از کم چار سال لگیں گے۔

دبئی کی قومی فضائی کمپنی امارات (ایمریطس) کرونا وائرس کی وبا پھوٹنے سے قبل دنیا کے 83 ممالک میں 157 مقامات کے لیے پروازیں چلا رہی تھی۔ مارچ میں اس نے اپنی بیشتر پروازیں معطل کرکے طیارے گراؤنڈ کردیے اور صرف چند ایک مقامات کے لیے محدود پروازیں چلاتی رہی۔

گذشتہ روز ایئرلائن نے خبردار کیا تھا کہ وہ اپنی 35 سالہ تاریخ میں سب سے مشکل دور سے گزر رہی ہے۔ کرونا کی وبا کی وجہ سے عملے کی بڑی تعداد بوجھ بن گئی ہے۔

ٹِم کلارک نے پیر کو ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ میرے خیال میں سال 2024 تک ہم چیزوں کو معمول پر آتا ہوا دیکھ سکیں گے۔ امید ہے کہ تب تک امارات اپنے نیٹ ورک پر پروازیں چلا رہی ہوگی اور پہلے کی طرح کامیاب ہوچکی ہوگی۔

ٹِم کلارک نے کہا کہ ہوابازی کی صنعت آیندہ سال موسم گرما میں بحال ہونا شروع ہوجائے گی لیکن اس کی شرط یہ ہے کہ کرونا کےعلاج کے لیے ویکسین 2021ء کے اوائل تک بڑے پیمانے پر دستیاب ہوجانی چاہیے۔

مسٹر کلارک اسی ماہ کمپنی کی صدارت سے سبکدوش ہورہے ہیں اور پھر وہ اس کے مشیر بن جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند برسوں کے دوران فضائی سروس کی مانگ میں اضافہ ہوگا اور 2023 یا 2024ء تک اگر عالمی معیشت کسی اور بڑے صدمے سے دوچار نہیں ہوتی تو ہم پروازوں کی تعداد میں اضافے پر غور کریں گے۔

انوں نے خبردار کیا ہے کہ طیاروں میں سفر کے دوران جسمانی فاصلہ معاشی اور ماحولیاتی اعتبار سے قابل عمل نہیں ہے کیونکہ اس کا مطلب آدھے خالی طیارے چلانا ہے مگر فی الحال امارات ایئرلائن مسافروں کو یہ ہدایت کرتی رہے گی کہ وہ پروازوں میں سفر کے وقت دستانے اور چہرے پر ماسک پہن کر رکھیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More