اردنی فضائیہ نے ممکنہ دراندازی کے خطرے کے پیش نظر فضائی نگرانی تیز کردی

اے پی پی  |  Apr 17, 2024

عمان ۔17اپریل (اے پی پی):اردن کی مسلح افواج نے کہا ہے کہ فضائیہ نے مملکت کی فضائی حدود کو پرامن اور محفوظ رکھنے اور کسی بھی قسم کی ممکنہ دراندازی کی روک تھام کے لیے فضائی نگرانی تیز کردی ہے۔العربیہ کے مطابق اردنی افواج کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دوسری جانب ہفتے کی شام ایران نے اسرائیل پر حملے کے دوران اردنی فضائی حدود کو استعمال کرتے ہوئے متعدد ڈرونز اور میزائل داغے تھے۔

اس واقعے کے بعد اردنی فضائیہ ہائی الرٹ ہوگئی ہے۔اس تناظر میں اردنی مسلح افواج کے ترجمان نے بتایا کہ رائل اردن کی فضائیہ نے کسی بھی فضائی دراندازی کو روکنے اور دفاع کے لیے اپنی فضائی حدود میں اضافہ کیا ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ یہ اقدام اردن کے اس پختہ مؤقف کی تصدیق کرتا ہے کہ اردن کی فضائی حدود کو کسی بھی مقصد کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اس کے علاوہ اردن اپنی فضائی خودمختاری کی خلاف ورزیوں کی روک تھام اور ملک و قوم کی سلامتی کو لاحق خطرات کے تدارک کے لیے موثر اقدامات کرے گی۔مسلح افواج کے سرکاری ترجمان نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں پر توجہ نہ دیں جس سے معاشرے کے افراد میں بے چینی پھیلے۔اس حوالے سے اردنی حکومت اور افواج کی طرف سے جاری کردہ معلومات پر اعتبار کریں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More